بھارتی فضائیہ کے دو جنگی طیارے گر کر تباہ
شیئر کریں
بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہفتہ کو دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں گر کر تباہ ہو گئے۔ دونوں طیارے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے مورینا میں گر کر تباہ ہوئے۔ بھارتی دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سخوئی 30 اور میراج 2000 طیارے مورینا کے قریب گر کر تباہ ہو گئے ہیں، حادثے کے بعد تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) نے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ دو طیاروں نے مدھیہ پردیش کے گوالیار ایئر بیس سے پرواز کی تھی جہاں ایک مشق جاری تھی۔ مورینا کے کلکٹر کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 5.30 بجے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹوں کو سخوئی 30 سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ مورینا کے ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) انکت استھانہ نے کہا، پائلٹوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور پولیس اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں کے لیے موقع پر موجود ہیں۔ پائلٹس کو چوٹیں آئی ہیں اور وہ محفوظ ہیں۔