کینیڈا میں دل کا دورہ پڑنے پر مولانا طارق جمیل اسپتال منتقل
جرات ڈیسک
منگل, ۲۷ دسمبر ۲۰۲۲
شیئر کریں
معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ ان کے والد کینیڈا میں ہیں جہاں انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائیں۔ یوسف جمیل کے بیان کو مولانا طارق جمیل کے آفیشل اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ کرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری 2019 میں بھی مولانا طارق جمیل کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی انجیو گرافی کی گئی تھی۔