کراچی کے مسائل ،پی ایس پی کاوزیراعلیٰ ہائوس پر دھرنے کا اعلان
شیئر کریں
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے کراچی کے مسائل کے خلاف وزیراعلی ہائوس پر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، پی پی کو ملک توڑنے نہیں دیں گے،کراچی تھر کا علاقہ نہیں، معاشی مرکز ہونے کے باوجود سب سے بڑا شہر حقوق سے محروم ہے، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، حکمرانوں تک آواز نہیں پہنچ رہی اس لئے خود ان کے پاس جانا ہوگا،کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کرپشن کے لیے لگایا گیا ہے۔بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف حسن اسکوائر پر پی ایس پی کے مظاہرے سے خطاب میں مصطفی کمال نے کہا کہ آج یہ پانچواں احتجاجی مارچ ہے، سندھ حکومت ظلم بند کرے اور کراچی کو بااختیار بنایا جائے۔مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت سے ہماری جان چھڑائی جائے، پیپلزپارٹی حکومت ملک مخالف کام کررہی ہے،آج کراچی ایک ہے، ہمارا ہدف صرف حکمران ہیں قومیت نہیں،کراچی والے اب زبان کی بنیاد پر نہیں لڑیں گے،ماضی میں شہر میں لسانی فسادات کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں اپنی بات منوانے کے لیے بتائو کیا کرنا ہے، پیپلز پارٹی آج کے نوجوانوں کو کل کا دہشت گرد بنارہی ہے، نوجوان شاپنگ مال کی چھت پر چڑھ کر خود کشی کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نوجوانوں کو ریاست سے دور کررہی ہے، زرداری کی نئی نسل پڑھی لکھی ہے، شاید تعلیم نے انکی سوچ کو بدلاہوگا، لیکن بلاول اپنی پچھلی نسلوں سے بھی دو ہاتھ آگے نکلے ، سب کچھ اس کی نگرانی میں ہورہا ہے۔مصطفی کمال نے کہاکہ آج ظلم کو ظلم کہنے والے موجودہیں،پہلے رحمان ملک کی کال پر سب ٹھیک ہوجاتاتھا، لیکن آج وہ رحمان ملک ہیں نہ وہ جماعت ہے،وزیراعلی سندھ نے گٹرلائنوں کا اختیار بھی اپنے پاس رکھ لیا ہے،ان کو جب لات پڑتی ہے تو ان کو یورپ کی جمہوریت یاد آتی ہے، کیا بلاول اپنا بنایا ہوا سندھ کا قانون یورپ جاکردیکھا سکتے ہیں، سندھ بلدیاتی قانون میں مقامی حکومتوں سے اختیارات چھین لیے گئے ہیں،بلاول بھٹو اپنے بڑوں سے بھی بڑے جاگیردارہیں،ان کے بڑوں کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا،پیپلزپارٹی کو دوبارہ ملک نہیں توڑنے دیں گے،پیپلزپارٹی حکومت لوگوں کو ریاست سے دور کررہی ہے،میں ریاست کا وفہ دار ہوں پیپلزپارٹی کا نہیں۔سابق میئر کراچی نے کہا کہ نوجوان خودکشیاں کررہے ہیں،اس ملک میں گیس بند ہے، لوگ سلنڈر جلارہے ہیں، لوگوں کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ روز ہوٹل سے کھانا لائیں ، لوگ بچوں کو کھانا کھلائے بنا فاقے سے سورہے ہیں، یہ کوئی تھر یا بلوچستان کے پہاڑ نہیں ہے، یہ مملکت چلانے والا کراچی ہے، کراچی کے لوگوں ہمیں آج فیصلہ کرنا ہے۔