چیئرمین انٹر بورڈ لاڑکانہ پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت
شیئر کریں
(رپورٹ:مسرور کھوڑو) چیئرمین انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ لاڑکانہ نسیم میمن پر خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہو گیا، صوبائی محتسب عدالت نے نسیم میمن پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا ہے ، نسیم میمن پر خاتون ٹیچر نے 6 برس قبل ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق 2017 کے دوران حیدرآباد کے پبلک اسکول میں خاتون ٹیچر شگفتہ شاہ کی جانب سے پرنسپل نسیم میمن پر ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آئے ، بعد ازاںخاتون ٹیچر نے صوبائی محتسب میں تحریری شکایت درج کروائی کہ نسیم میمن ان کو ہراساں کرتے ہیں، جس کا صوبائی محتسب کی عدالت میں 6 برس تک کیس چلا، صوبائی محتسب کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں چیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن پر جرم ثابت ہوگیا ہے ، جس کے بعد اس پر 3لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا اور عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا گیا، فیصلے کے مطابق جرمانہ عائد نہ کیا گیا تو نسیم میمن کی پراپرٹی ضبط کر کے رقم وصول کی جائی گی، نسیم میمن کو دوروز قبل انٹربورڈ کراچی سے تبادلہ کر کے چیئرمین لاڑکانہ بورڈ تعینات کیا گیا تھا۔