جنرل ساحر شمشاد نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا
شیئر کریں
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقدہ پروقار تقریب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا، نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں تینوں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کے علاوہ سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی شرکت کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو چاق و چوبند جوائنٹ سروسز گارڈ نے سلامی پیش کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے گارڈ آف آنر اور مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل جنرل ندیم رضا ملٹری سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔الوداعی تقریب میں تینوں افواج کے سینئر افسران اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے سابق چیئرمینوں نے شرکت کی تھی جس کے ساتھ ہی 2 فور اسٹار جنرلز کی ریٹائرمنٹ سے فوج میں تبدیلی کا آغاز ہوا۔صدر مملکت عارف علوی نے جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور جنرل عاصم منیر کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف تعینات کرنے کی سمری پر دستخط کردیے تھے۔حکومت نے جنرل ندیم رضا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔