کورونا سے نمٹنے کیلئے تعاون ،ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر دے گا
شیئر کریں
ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو کوویڈ سے نمٹنے کے لئے 25 کروڑ ڈالر دے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے، رقم کوویڈ 19 وائرس سے نمٹنے کیلئے استعمال ہوگی۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک سے پنجاب کے 2 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے ہیں، معاہدے پر وزیر اعظم نے دستخط کئے ہیں، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت ساہیوال اور سیالکوٹ میں 40 ارب روپے کے ترقیاتی کام ہوں گے، سیالکوٹ میں 15 ارب روپے کی لاگت سے نکاسی آب، سینی ٹیشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق منصوبے مکمل ہوں گے، اس کے علاوہ پارکس کا قیام اور شہر کی خوبصورتی کے متعدد منصوبے بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ سال پاکستان کے لیے بجٹ میں معاونت کے طور پر 80 کروڑ ڈالر بطور قرض فراہم کرنے کی منظوری دی تھی دی جس کی دوسری قسط 30 کروڑ ڈالر کی جلد ہی فراہم کردی جائے گی، اعداد و شمار کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کو اب تک رواں مالی سال کے دوران تقریباً ایک ارب ڈالر قرض فراہم کیا جاچکا ہے۔