نا اہل ،کٹھ پتلی حکومت کو جلد باہر نکال پھینکیں گے ،مولانا فضل الرحمن
شیئر کریں
جمعیت علما اسلام کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کو نکال باہر پھینک دیں گے ۔دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور وقار دا پر لگانے والوں کو عزت دینے کا مطالبہ ہورہا ہے ۔پاکستان کو بڑی قوتوں نے اپنی کالونی سمجھ لیا ہے ۔ہماری تاریخ آزادی کی تاریخ ہے ۔ایسی قوتوں کے خلاف جنگ کا اعلان کرتاہوں ۔وہ گزشتہ روز میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں جے یوآئی کے شہیدرہنماسینیٹر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ شہید اسلام کانفرنس سے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر مولانا عطا الرحمن، مولانا راشد محمود سومرو، مولانا امجد خان ، اسلم غوری،رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ، مولانا صلاح الدین ایوبی ، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالقیوم عالیجوی، ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو دوبارہ مسلمان ثابت کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں ۔ایسا کرنے کے لئے ہماری لاشوں سے گزرنا ہوگا ۔اس ملک میں اگر کوئی چیز محفوظ نہیں تو وہ ناموس رسالت ہے ۔ فرقہ واریت پھیلانے کے پیچھے ادارے ہیں ۔حکمرانی کا حق صرف عوام کا ہے ۔اس حق کو سلب کیا گیا تو نفرتیں پھیلیں گی ۔ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے ۔بہتر سال کشمیریوں کے خون پر سیاست کرتے رہے اور آج انکی قربانیوں کو ذبح کردیا گیا ۔سی پیک منصوبہ ختم کرنا موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے ۔مسئلہ کشمیر دفن کرنے کے لئے گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا گیا ۔ڈاکٹر خالد سومرو کا مشن آگے بڑھ رہا ہے ۔ناکام خارجہ پالیسی کی بدولت سعودی عرب جیسے دوست ممالک کو ناراض کردیا گیا ۔متحدہ عرب امارات اور چین بھی ناراض ہیں ۔میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے ۔بانی پاکستان کے جانشینی کے دعویدار اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں ۔ قائد اعظم کے مزار پر ووٹ کی عزت کی بات کرنے والوں پر مقدمہ دائر کیا جاتا ہے ۔