میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سوئی سدرن کے اختیارات صائمہ بلڈر استعمال کرنے لگا

سوئی سدرن کے اختیارات صائمہ بلڈر استعمال کرنے لگا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۷ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

کراچی کی رہائشی اسکیم صائمہ عربین ولاز کوبلک گیس کنکشن کی فراہمی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے لائسنس کنڈیشن کی خلاف ورزی کا انکشاف ، ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بھی ایس ایس جی سی ایل کے بجائے صائمہ بلڈرز نے بچھایا، اوگرا چیئرمین اور رجسٹرا رکراچی ریجنل آفس کی سفارشات کے باوجود خلاف ورزی پر سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ اور صائمہ بلڈرز کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگیا۔ جرأت کی رپور ٹ کے مطابق کراچی کے گڈاپ میں واقع رہائشی اسکیم صائمہ عربین ولاز کو بلک گیس کنکشن جاری کیا گیا، جس کے بعد صائمہ بلڈرزکی جانب سے ایک کروڑ 95لاکھ 33 ہزار روپے کی ادائیگی پر سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے 4 ہزار میٹر ز فروخت کیے، صائمہ بلڈرز نے غیرقانونی طور پر 28 روپے فی یونٹ کے حساب سے غیر قانونی طور پر بل بھی جاری کیے، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے اعتراف کیا ہے کہ صائمہ بلڈرز نے 46 لاکھ 67 ہزار کی ادائیگی کے بعد گھریلو بلک کنکشن کو علیحدہ گیس میٹرز میں تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے، جبکہ صائمہ بلڈرز نے 3260 میٹر رہائشی اسکیم میں نصب کیے ہیں اور باقی 740 میٹرز کا کوئی علم نہیں ۔ صائمہ عربین ولاز کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صائمہ بلڈر اور اس کے کرایہ داروں کے درمیان ہونے والا(اگر ہوا ہے) تھر ڈ پارٹی کنٹریکٹ پیش کیا جائے، گیس فلوشروع کرنے سے پہلے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی حتمی معائنہ رپورٹ بھی جاری کی جائے ۔صائمہ بلڈرز کے مکینوں کی شکایات کے بعد اوگرا چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ صائمہ عربین ولاز کا گیس کنکشن منقطع کردیا گیا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے اور بلک گیس کنکشن کے ذریعے غیر قانونی گیس فراہمی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا ریجنل آفس کراچی کے افسران نے اوگرا چیئرمین اور رجسٹرار کو صائمہ عربین ولاز کو غیر قانونی بلک گیس کنکشن کی فراہمی کا کیس واپس ارسال کیا ہے کہ متعلقہ شعبہ معاملے پر مزید پیش رفت کرے ،کمپنی نے لائسنس کنڈیشن کی خلاف ورزی کی ہے، اوگرا احکامات جاری کرے گااور کارروائی کرے گا، صائمہ عربین ولاز میں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بچھانے کی اجازت صرف سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو ہے، سوئی سدرن نے اپنے اختیارات صائمہ بلڈرز کو استعمال کرنے کی اجازت دے کر قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑادی ہیں۔ واضح رہے کہ صائمہ بلڈر کے ذیشان ذکی اپنے تمام پراجیکٹس میں جاری اکثر غیر قانونی سرگرمیوں کو چمک کی بناء پر جاری رکھے ہوئے ہیں، جو متعلقہ محکموں کے خلاف ادارہ جاتی کارروائیوں کے حوالے سے کسی بھی وقت بڑی سبکی کا باعث بن سکتے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران کی اس حوالے سے ذیشان ذکی سے ملی بھگت واضح ہے۔ مگر اس ضمن میں ضروری قانونی کارروائی کو بھی چمک کی بناء پر روکا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں