مارشل لاء نہیں قومی حکومت بن سکتی ہے، پرویز مشرف
شیئر کریں
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مارشل لاء یا فوری انتخابات کے امکانات کم ہیں، قومی حکومت قائم ہوسکتی ہے۔پاکستان میں نسلی بنیادوں پر سیاست ہورہی ہے، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ ہم نے قومی سطح کی سیاسی جماعت متعارف کروانی ہے۔کراچی میں بڑا خلاء ہے، ہم اتحاد بنا کر یہ خلاپرکریں گے۔اے پی ایم ایل کے انٹرا پارٹی انتخابات پر مطمئن ہوں۔کارکنان اور عہدیداران چین آف کمانڈ کی پیروی کریں،ملک بھر میں ریجنز اور اضلاع کی سطح پر بڑے جلسے منعقد کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار جمعرات کو دبئی کے ایک مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ کے نومنتخب عہدیداران اور مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سے تین قسم کی صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ ایک یہ کہ موجودہ حکومت کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کروائے جائیں، دوسرے قومی حکومت تشکیل دی جائے اورتیسری صورتحال مارشل لاء کے نفاذ کی ہے، جو کہ ممکن نہیں۔ فوری انتخابات اور مارشل لاء کے امکانات بہت کم ہیں تا ہم قومی حکومت قائم ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت اگر سیاسی جماعتوں کو ملا کر بنائی جاتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، البتہ اگر یہ ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوتی ہے تو یہ ملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نسلی بنیادوں پر سیاست ہو رہی ہے، جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہمیں قومی سطح کی ایک ایسی جماعت متعارف کروانی ہے، جو نسل،زبان اور علاقائیت وغیرہ سے بالاترہو۔اس مقصد کے لیے کراچی ایک بہترین جگہ ہے جہاں پر پاکستان کی تمام نسلوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔کراچی میں ایک بہت بڑا خلاء پیدا ہوچکا ہے جسے ہم سیاسی اتحاد قائم کر کے پُر کریں گے۔