میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وفاق اپنی کوتاہیوں کا بوجھ سندھ حکومت پر نہ ڈالے، مراد علی شاہ

وفاق اپنی کوتاہیوں کا بوجھ سندھ حکومت پر نہ ڈالے، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۷ ستمبر ۲۰۲۰

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق نااہلی کا ملبہ ایک صوبے پر نہ ڈالے،سندھ حکومت کراچی کی تعمیر میں فعال کام کر رہی ہے

شیئر کریں

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق نااہلی کا ملبہ ایک صوبے پر نہ ڈالے،سندھ حکومت کراچی کی تعمیر میں فعال کام کر رہی ہے، ہم جلد دیگر اہم سڑکوں کی تعمیر اور ٹرین اسپورٹ سسٹم بنائیں گے، کراچی پیکیج میں جاری منصوبے زیادہ ہیں، کے 4منصوبہ پر کافی کام ہوچکا ہے،اب "کے4” منصوبہ وفاقی حکومت کو منتقل کیا جا رہا ہے، منوڑہ جزیرے پر آر او پلانٹ لگا رہے ہیں، جس سے روزانہ 5 لاکھ گیلن سمندر کا پانی میٹھا کیا جائے گا۔۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی سے متصل جزیرہ نما منوڑہ میں سینڈز پٹ بیچ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔یہ روڈ 456 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے،نو تعمیر سڑک کو سمندری پانی سے بجانے کیلئے 5 عشاریہ 5 کلو میٹر تک حفاظتی دیوار بھی قائم کی گئی ہے۔وزیر اعلی سندھ کے افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر کمانڈر کراچی نیوی زاہد الیاس نے استقبال کیا۔ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیر اعلی سندھ نے کہاکہ منوڑہ واٹر فرنٹ کو بہتر کرنے، مقامی افراد کو آگے لانے میں نئے ضلع کی انتظامیہ کو بھی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو ان پراجیکٹس سے روزگار ملے گا۔ گل بائی سے وائی جنکشن روڈ کی تعمیر کی بھی ہدایات دی ہیں، پاکستان نیوی کا کراچی میں اہم کردار ہے۔ جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔کیماڑی سے متعلق وزیراعلی نے کہاکہ کیماڑی ضلع ایک ماڈل ضلع بنے گا۔ یہاں کا روڈ انفرااسٹرکچر، پانی اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ 11 سو ارب روپے کے پیکیج میں شامل بیشتر منصوبوں پر کام جاری ہے۔منوڑہ کے منصوبوں سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ منوڑہ جزیرے پر آر او(ڈی سیلینیشن )پلانٹ بنایا ہے۔ یہ آر او پلانٹ 427.6 ملین روپے میں قائم کیا جارہا ہے۔ پلانٹ روزانہ 5 لاکھ گیلن سمندر کا پانی میٹھا کرے گا۔یہ پلانٹ 2 لاکھ منوڑہ آبادی کی روزانہ پانی کی ضرورت کو بھی پوری کرے گا۔ پلانٹ سمندر کے پانی کے ٹی ڈی ایس کم کرکے 500 ایم جی پر لیٹر پانی بنائے گا اور اس منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ روڈ کی وجہ سے سینڈز پٹ پر آنے والوں کو سہولت فراہم ہوگی، اس سے ملحقہ سڑکیں بھی جلد تعمیر کی جائیں گی، سیاحوں کے لیے 200گاڑیوں کی پارکنگ بھی تعمیرکی جا رہی ہے۔ منوڑہ ایک مشہور پکنک پوائنٹ ہے، سہولتیں نہ ہونیکی وجہ سے منوڑہ بیچ سنسان ہوگئی تھی۔ منوڑہ ایک مشہور پکنک پوائنٹ ہے جبکہ روڈ کی تعمیر اور دیگر سہولیات دینے سے یہ مصروف تفریح گاہ بن جائے گا۔ یہ ایک بہترین اسکیم منوڑہ میں سیاحت کو فروغ دے گی۔ نو تعمیر منصوبے کو وزیر اعلی نے ضلع کیماڑی کے مکینوں کے لیئے بہترین روزگار کا ذریعہ بھی قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی بہتری کے لیے پاکستان نیوی کی خدمات قابل قدر ہیں تاہم نیوی کے منصوبوں میں مقامی افراد کو بھی بھرتی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کی تعمیروترقی کے لیے کام کر رہی ہے،ہم جلد دیگر سڑکوں کی تعمیر بھی ہنگامی بنیادوں پر کر رہے ہیں، جس روڈ کی تعمیر کی گئی ہے وہ ایک مشکل اسکیم تھی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سمندر کو آگے آنے سے روکنے کے لیے دیوار بنائی گئی ہے،یہ مشکل اسکیم تھی اور تمام مسائل ختم کر کے اسے مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کو ایک ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیں گے اور یہاں کے لوگوں کو ملازمتیں دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی پیکیج پر کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 11 سو ارب روپے کے پیکیج میں شامل بیشتر منصوبوں پر کام جاری ہے، بعض نئے منصوبے وفاق کو شروع کرنے ہیں۔اہم منصوبے کے فور سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہاکہ مجھے افسوس ہے کہ وفاقی حکومت گیس اور بجلی کے مسائل کا ذمہ دار بھی سندھ حکومت کو بناتی ہے۔ کراچی پیکیج پر کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو ہوگا، کراچی پیکیج میں جاری منصوبے زیادہ ہیں، جب کہ کے 4 منصوبہ پر کافی کام ہوچکا ہے۔ کے فور منصوبہ اب وفاقی حکومت کو منتقل کررہے ہیں، جس کیلئے کاغذات تیار ہو رہے ہیں۔ایک صحافی کے سوال پر وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ وفاق اپنی تمام ناکامیوں کا ذمے دار حکومتِ سندھ کو قرار دے دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کر رہی ہے، اس سلسلے میں سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج اور کچرے کا مسئلہ جلد حل کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے منصوبہ مکمل کرنے پر کے ڈی اے ٹیم کو خوب سراہا اور اس طرح کی مزید اسکیموں پر کام کرنے کی یقین دہانی کروائیں۔وزیراعلی سندھ نے منوڑہ آئی لینڈ پر بنائے گئے ڈی سیلینیشن پلانٹ ،سیاحوں کے بیٹھنے کیلئے شیڈز اور بیت الخلا کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی کے ہمراہ صوبائی وزیر ناصر شاہ ، صوبائی وزیر،شبیر بجارانی، ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب سمیت دیگر صوبائی اور رہنما پیپلز پارٹی رہنما موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں