میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بجلی کے بھاری بل پر ہنگامی اجلاس ،عوام پرمسلط ناجائز بوجھ اتارنے کا فیصلہ نہ ہو سکا

بجلی کے بھاری بل پر ہنگامی اجلاس ،عوام پرمسلط ناجائز بوجھ اتارنے کا فیصلہ نہ ہو سکا

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۷ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

،
نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت بجلی نرخوں اور بجلی بلوں پر اجلاس ہوا، اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی کے بِلوں میں اضافے پر ہنگامی اجلاس کا پہلا دور ہوا، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو جولائی کے بجلی کے بلوں میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔نگران وزیراعظم نے کہا آئندہ 48 گھنٹے میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کئے جائیں، جلد بازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے، ایسے اقدامات اٹھائیں گے جس سے ملکی خزانے پر اضافی بوجھ نہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔نگران وزیرِ اعظم نے کہا ایسا ممکن نہیں کہ عام آدمی مشکل میں ہو اور افسر شاہی اور وزیرِ اعظم ان کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریں، متعلقہ وزارتیں اور متعلقہ ادارے مفت بجلی حاصل کرنے والے افسران اور اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کریں، میں عام آدمی کی نمائندگی کرتا ہوں، وزیرِ اعظم ہاؤس اور پاک سیکریٹریٹ میں بجلی کا خرچہ کم سے کم کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا اگر میرے کمرے کا اے سی بند کرنا پڑا تو بے شک بند کر دیں، بجلی کی بچت کے اقدامات کے نفاذ اور جولائی کے زائد بلوں کے مسئلے پر صوبائی وزراء اعلیٰ کے ساتھ تفصیلی مشاورت بھی کل کی جائے گی، تقسیم کار کمپنیاں بجلی چوری کی روک تھام کا روڈ میپ پیش کریں، بجلی کے شعبے کی اصلاحات اور قلیل، وسط اور طویل مدتی پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔وزیر اعظم کی زیرِ صدارت بجلی کے جولائی کے مہینے میں زائد بلوں کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کا پہلا دور آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں عبوری کابینہ کے وفاقی وزراء شمشاد اختر، گوہر اعجاز، مرتضی سولنگی، مشیر وزیرِ اعظم ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری پاور، چیئرمین واپڈا، چیئرمین نیپرا اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔انوارالحق کاکڑ کواجلاس میں بجلی کے شعبے کے مسائل، زائد بلوں کے حوالے سے تفصیلات پیش، بجلی چوری اور اسکی روک تھام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم نے اجلاس کو کل تک ملتوی کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات اور پلان تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔انوارالحق کاکڑ کو وزارت توانائی اور تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے اجلاس میں ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بھی بریف کیا گیا، نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ڈیسکوز کے افسروں کو فراہم کئے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کر رہے ہیں، واپڈا کے پرانے ملازمین کے علاوہ کسی محکمے میں بجلی کے بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں