امریکا: دہشت گردی کے الزام میں پاکستانی ڈاکٹر کو سزا
شیئر کریں
امریکی ریاست منی سوٹا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر کو دہشت گردی کے الزام میں سزا سنا دی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود نے داعش کے لیے کام کرنے کے ارادے کا اعتراف کیا تھا، وہ منی سوٹا کی میڈیکل کمپنی کیلئے کام کر رہا تھا۔ ڈاکٹر محمد مسعود جنوری سے مارچ 2020 میں دہشت گرد تنظیم داعش میں شمولیت اور اس کیلئے اردن جانے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔ ڈاکٹر محمد مسعود H1B ویزہ پر امریکہ آیا تھا، اسے مارچ 2020 میں منی ایپلس ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مسعود کی گرفتاری کے بعد امریکی ایف بی آئی کے جوائنٹ ٹیررسٹ ٹاسک فورس نے تحقیقات میں حصہ لیا تھا جبکہ گزشتہ سال اگست میں ڈاکٹر محمد مسعود نے اعتراف کیا تھا کہ وہ دہشت گرد تنظیم کو سپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ منی سوٹا کی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں ڈاکٹر محمد مسعود کو 18 سال قید کی سزا سنا دی۔