پی ٹی آئی جعلی اکاونٹس سے عارف علوی کو رقم کی منتقلی کا انکشاف
شیئر کریں
لاہور میں ایک اکاونٹ سے دینی ٹرسٹ کے نام پر 25لاکھ روپے کی رقم کی منتقلی سامنے آئی ہے،ذرائع ایف آئی اے
یہ رقم سیلاب زدگان کیلئے حاصل کی گئی مگر اس کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے کیا ،دیگرافرادکوبھی جعلی اکائونٹس رقوم منتقل کی گئیں
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے جعلی اکاونٹس سے 2013 میں موجودہ صدر عارف علوی کے اکاونٹ میں رقم منتقل کی گئی تھی۔پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ کے معاملے میں ایف آئی اے نے درجنوں اکاونٹس کے حوالے سے اہم انکشاف کیا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق طارق شفیع، حامد زمان اور منظور چوہدری کے درجنوں اکاونٹس سامنے آئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے جعلی اکاونٹس سے صدر عارف علوی کے اکاونٹ میں 2013 میں رقم منتقل کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق عارف علوی نے یہ اکاونٹ سینٹرل فنانس بورڈ کی منظوری کے بغیر کھلوایا تھا، اسی اکاونٹ سے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو بھی رقم منتقل کی گئی۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اسلام آباد کے اکاونٹ سے اسد عمر کو بھی لاکھوں روپے منتقل ہوئے، اس اکاونٹ میں ووٹن کرکٹ لمیٹڈ دبئی سے 13لاکھ امریکی ڈالر منتقل ہونے کا سراغ بھی ملا ہے۔ذرائع کے مطابق 13مزید مقامی کمپنیوں نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی، ایک کمپنی کے مالک نے 30لاکھ روپے کا پارٹی فنڈ دیا، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والی مقامی کمپنی بھی جعلی نکلی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مختلف بینکوں سے سیکڑوں اکاونٹس کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے، جس میں بھاری رقوم کی مبینہ منتقلی سامنے آئی ہے جبکہ ریکارڈ کی مزید چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور میں ایک اکاونٹ سے دینی ٹرسٹ کے نام پر 25لاکھ روپے کی رقم کی منتقلی سامنے آئی ہے، یہ رقم سیلاب زدگان کیلئے حاصل کی گئی مگر اس کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے طارق شفیع، حامد زمان اور منظور چوہدری کو نوٹس جاری کردیے ہیں، طارق شفیع کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا، وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام اکانٹس پی ٹی آئی سینٹرل فنانس بورڈ کی منظوری کے بغیر کھولے گئے۔