میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جے آئی ٹی بننے سے اب تک ہونے والے نقصان کا حساب کون لے گا، ملک کو لڑھکنے کے راستے پر ڈال دیا گیا، وزیر داخلہ

جے آئی ٹی بننے سے اب تک ہونے والے نقصان کا حساب کون لے گا، ملک کو لڑھکنے کے راستے پر ڈال دیا گیا، وزیر داخلہ

منتظم
اتوار, ۲۷ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

امریکا کو اربوں ڈالر پاکستان کو دینے ہیں، ہر قیمت پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے، میڈیا سے بات چیت
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی بننے سے اب تک پاکستانی قوم کو 14 ارب روپے کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا ٗاس کا حساب بھی لیا جانا چاہیے ٗ ہمیں ٹرمپ کی تقریر پر بات کرنی چاہیے ٗگڑھے مردے کھود کر ملک کو کسی تنازعے میں نہیں الجھانا چاہتے، اس وقت ملک کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، پوری قوم ایک آواز میں بات کرے ۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے آگ سے متاثر ہونے والے اسلام آباد کے سستا بازار کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے سٹالز متاثرین کو حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، میئر اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز ، وزارت داخلہ، سی ڈی اے اور میئر و پولیٹن حکام سمیت بازار متاثرین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازار کے دورے کا مقصد محض معائنہ نہیں بلکہ اس کا مشاہدہ کرنا ہے اور وزیر اعظم کو بھی وہ اس کی رپورٹ دیں گے کیونکہ بازار میں 600لوگوں کا روز گار آگ کی نذر ہوگیا ہے ۔ تحقیقاتی اور جائزہ کمیٹی 2روز میں اسکی رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے سفارش کرونگا کہ متاثرین کی امداد کی جائے تاکہ یہ لوگ پھر سے اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس کے معاملہ کی عسکری اور سیاسی قیادت نے ملکر انکوائری کی اور دونوں اداروں نے اس کو منطقی انجام تک پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف بیان دینے سے اب ہم سب کو ملکر سوچنا چاہئے کیونکہ اب پوری قوم کو یک زبان ہو کر متحدہ ہونے کی ضرورت ہے یہی اتحاد و قوت مستقبل میں پاکستان کو سرخرو کریگا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے ملک میں تمام پہلوئوں کا جائزہ لیاہے ۔ ہم ہر قیمت پر پاکستان کے مفادات کا دفاع کرینگے۔ ہم نے اس حوالے سے دوست ممالک کے ساتھ رابطے کئے ہیں ۔ہم سب ملکر پاکستان کے دفاع کیلئے کام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کا مقروض نہیں ہے بلکہ امریکا پاکستان مقروض ہے ، امریکا نے پاکستان کے اربوں ڈالر دینے ہیں جو انہوں نے مشرف دور میں مختلف معاہدوں کے تحت پاکستان سے فضائی اور زمینی مدد لی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشگردی کے خلاف جنگ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے نا کہ کسی کو خوش کرنے کیلئے ۔ پاکستان خطے میں میں مستقل امن و امان کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ممتاز ملک ہے ، دنیا ہماری صلاحیت وں کی معترف ہے اور اقوام عالم میں پاکستان کا ایک مقام ہے ، پاکستان امن کیلئے ملکر کردار ادا کرے گا پاناما کیس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہنستا بستا پاکستان جو تیزی سے ترقی کررہا تھا اسے کیسے لڑھکنے کے راستے پر ڈال دیا گیا، جے آئی ٹی بننے سے لے کر آج تک ملک کو 14 ارب روپے کا نقصان ہوا اس کا بھی سوال پوچھے جانا چاہیے کہ یہ کس کا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں کئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہونے والی تھیں اور کئی معاہدے ہونے والے تھے لیکن سیاسی بے یقینی کی وجہ سے یہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلاشبہ سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں اسی لیے فیصلے پر عملدرآمد کیا لیکن عدالت کا وہ فیصلہ جس میں دس ہزار درہم کی ممکنہ تنخواہ جو لی بھی نہیں گئی اس میں وزیراعظم کو نااہل کیا گیا، اس فیصلے کی پاکستانی قوم کو 14 ارب روپے قیمت ادا کرنا پڑی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ جو ملک اپنے سیاسی استحکام سے کھیلتا ہے اسے اقتصادی ترقی کو بھولنا پڑتا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں