تحصیل قاسم آباد ڈپٹی ڈائریکٹر کیلئے سونے کی کان بن گئی
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) تحصیل قاسم آباد ڈپٹی ڈائریکٹر کیلئے سونے کی کان بن گئی، 10 سال سے زائد عہدے پر رہنے والے عرس ڈاوچ نے قاسم آباد میں سینکڑوں غیرقانونی تعمیرات کھڑی کروا دیں، وادہو واہ روڈ پر کاٹیج کی این او سی پر گراؤنڈ پلس چار منزلہ تعمیر ہوگئی، ایچ ڈی اے پلاٹس پر رامین اور الزیب ہائٹس کے ناموں سے غیرقانونی تعمیرات کا بھی انکشاف، تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد کا تحصیل قاسم آباد کا زون ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد عرس ڈاوچ کیلئے سونے کی کان بن گئی ہے، ذرائع کے مطابق گزشتہ 5 سال میں عرس ڈاوچ کی آشیرباد سے سینکڑوں غیرقانونی تعمیرات قاسم آباد میں کھڑی کردی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق وادہو واہ روڈ پر سوغات شیریں کے ساتھ ملحقہ پلاٹ پر کاٹیج تعمیر کرنے کی این او سی لی گئی، تاہم اس پلاٹ پر گراؤنڈ پلس چار منزلہ عمارت تعمیر کرکے فلیٹس لاکھوں روپے میں بیچے گئے، ذرائع کے مطابق مذکورہ غیرقانونی تعمیرات کی مد میں عرس ڈاوچ نے لاکھوں روپے رشوت لی، قاسم آباد میں ایچ ڈی اے اسکیم میں اولڈ ڈومرہ گوٹھ میں سرکاری زمین پر عرس ڈاوچ کے آشیرباد سے الزیب اور رامین ہائٹس کے نام سے پلازے بنائے گئے، رامین ہائٹس گراؤنڈ پلس 5 منزلہ عمارت ہے جس کا ایک فلیٹ ایک کروڑ میں بیچا گیا، ذرائع کے مطابق مذکورہ پراجیکٹس کی زمین میں ہیراپھیری میں ریونیو کے سابقہ اعلیٰ افسر کا مرکزی کردار ہے اور اس اعلیٰ افسر کے مبینہ فرنٹ مین نے حیدرآباد میں متعدد غیرقانونی منصوبوں کا آغاز کیا تھا، ذرائع کے مطابق مذکورہ دونوں پراجیکٹس کی این او سیز جاری کرنے میں عرس ڈاوچ کا مرکزی کردار ہے۔ دوسری جانب وادہو واہ روڈ پر بسم اللہ ٹاورز ایکسٹینشن کے نام سے ایک، دو اور تین کمروں کے پلازے تعمیر کئے گئے ہیں جن کی پارکنگ کی جگہ کو ختم کرکے پارکنگ کی جگہ پر بھی فلیٹ بنا کر لاکھوں روپے میں بیچے گئے، ذرائع کے مطابق عرس ڈاوچ نے مذکورہ پراجیکٹس کے نقشوں کی ہیراپھیری کی اور اس کے عوض متعدد فلیٹس اور بھاری رقم وصول کی، واضح رہے کہ 10 سال سے ڈپٹی ڈائریکٹر قاسم آباد کے عہدے پر براجمان عرس ڈاوچ اعلیٰ افسران کیلئے چیلنج بنا ہوا ہے اور ہر سسٹم میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔