میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں موسلا دھار بارش ،سڑکیں تالاب بن گئیں، بجلی غائب

کراچی میں موسلا دھار بارش ،سڑکیں تالاب بن گئیں، بجلی غائب

ویب ڈیسک
پیر, ۲۷ جولائی ۲۰۲۰

شیئر کریں

کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوارکو گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے متعدد علاقوں میں ایک بار پھر بجلی غائب ہوگئی،کراچی میں بارش کے باعث اسلام آباد سے آنے والی دو پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔کراچی میں بارش سے قبل حبس کی کیفیت تھی تاہم جہاں جہاں بارش ہوتی گئی وہاں موسم خوش گوار ہوتا چلا گیا۔ناگن چورنگی پاور ہائوس، یو پی موڑ پر نالہ ابل پڑا ہے اور سڑک زیر آب آ گئی ہے، ناگن چورنگی سے پاور ہائوس تک سڑک زیر آب آنے سے ٹریفک بھی معطل ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد سرجانی ٹائون شادمان ٹائون بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔سرجانی نالہ اوور فلو ہونے سے سڑکیں اور نالہ ایک لیول پر آ گیا، پانی بھر جانے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں، برساتی پانی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑاہے، جگہ جگہ گاڑیاں بند ہو گئی ہیں۔بارش سے سبزی منڈی میں بھی تباہ کاری ہوئی ہے، بارش کے پانی سے سبزی منڈی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی سے سبزی منڈی کچرے اور کیچڑ کا مرکز بن کر تعفن زدہ ہو گئی سے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ سر اٹھا چکا ہے، ہول سیل فروٹ، سبزی منڈی میں لاکھوں روپے کا مال بارش کی نذر ہو چکا ہے، منڈی انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلستاں جوہر یونیورسٹی روڈ پر 78.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، سرجانی ٹائون میں 68.4ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 57.6ملی میٹر، صدر میں 51، کیماڑی میں 48.5، نارتھ کراچی میں 47.3 ملی میٹر، فیصل بیس پر 43 ملی میٹر، ناظم آباد میں 27.5 ملی میٹر، کلفٹن میں 21.4، پی اے ایف مسرور 18، جب کہ لانڈھی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے علاقے نارتھ کراچی، سرجانی، بلدیہ، لیاری، ملیرماڈل کالونی، لیاقت آباد، نیو کراچی، نصرت بھٹو کالونی کاٹھورگڈاپ، کیماڑی، ناظم آباد، سائٹ،شاہ فیصل کالونی، سعودآباد، ڈیفنس،پی ای سی ایچ ایس، منظورکالونی اور اخترکالونی میں بجلی غائب ہوگئی۔اسی طرح قیوم آباد، کشمیرکالونی، فرنٹیئرکالونی، ایف بی ایریا، گلستان جوہر، گلشن معمار، گلشن اقبال، بلوچ کالونی، لائنز ایریا، اولڈسٹی ایریا، گرومندر، مارٹن کوارٹرز اور جمشیدروڈ میں بھی بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔گلشنِ اقبال میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ہی آسمانی بجلی کا خوفناک دھماکا بھی سنائی دیاجبکہ کرنٹ لگنے سے دو شہری جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کرنٹ لگنے اور دیگرحادثات میں جاں بحق افرادکی تعداد 4 ہوگئی، کرنٹ لگنے کے واقعات گلشن حدید، لانڈھی اور گارڈن میں پیش آئے۔گلشن حدید، لانڈھی اور گارڈن فوارہ چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ اور 22 سالہ نوجوان سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک لڑکا زخمی ہوگیا۔شہر قائد کے علاقے اورنگی سیکٹر ساڑھے 11 کے قریب موٹر سائیکل سوار نالے میں گر کر جان کی بازی ہارگیا۔کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کا آغاز گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے ذریعے ہوگیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے تیسرے اسپیل کے دوسرے روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ میں 78.5 ملی میٹر اور سرجانی میں 68.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔یاد رہے کہ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے 23 جولائی کو کہا تھا کہ مون سون سیزن کے تیسرے سلسلے میں 26 اور 27 جولائی کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں