مودی نفسیاتی مریض ہے کشمیریوں کے جذبہ کو کو ئی طاقت ہرانہیں سکتی عمران خان
شیئر کریں
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نفسیاتی مریض ہے، ئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں ہرا سکتی، مقبوضہ کشمیر میں روز کسی کشمیری کو شہید کیا جاتا ہے،یہ تحریک ختم ہونے والی نہیں، آر ایس ایس خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کا جانشین سمجھتی ہے، میں نے دنیا کو آر ایس ایس کے نظریے سے آگاہ کیا،آزادکشمیر کی تمام عوام کے لیے (12لاکھ خاندانوں) کو ہیلتھ کارڈ فراہم کریں گے۔کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ ایک لاکھ 38ہزار 275گھرانوں کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔صدر آزادکشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر نے کنٹرول لائن کے عوام کے مسائل کے بارے میں بتایا کہ وہ کس طرح بھارتی گولہ باری اور بربریت کے سامنے سینہ سپر ہیں اور ان کی زندگیاں نہایت مشکلات میں ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم ان کے لیے کوئی خدمت کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان نے یہاں مظفرآباد میں احساس کیش پروگرام کے تحت کنٹرول لائن کے متاثرین کو کیش گرانٹ دینے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل وہ نڑول کرکٹ اسٹیڈیم ہیلی پیڈ پر پہنچے تو صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ان کا خیر مقدم کیا۔وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی تھیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایک غریب خاندان کو خط غربت سے بھی نیچے لے جانے والی چیز صرف اور صرف مہنگا علاج ہے جب خاندان میں کوئی بیمار ہوتا ہے تو کسان،مزدور،دیہاڑی دار یا کوئی ڈرائیور یا کوئی معمولی ملازمت کرنے والا گھر کا سب کچھ فروخت کر کے بلکہ قرض لے کر علاج کرتا ہے اور ایسے طبقات کے لیے ہیلتھ انشورنس ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ہم اس کارڈ سے دس لاکھ روپے سالانہ دے رہے ہیں جو کسی بھی اسپتال سے علاج کروائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں میں آٹھ لاکھ قابض بھارتی فوجی کشمیریوں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں ہرا سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں روز کسی کشمیری کو شہید کیا جاتا ہے۔ یہ تحریک ختم ہونے والی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس خود کو ہٹلر کی نازی پارٹی کا جانشین سمجھتی ہے، نریندر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، بھارتی وزیراعظم کشمیریوں پر سوچی سمجھی سازش کے تحت ظلم کر رہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں معاملہ مسلمانوں کی نسل کشی کی طرف جا رہا ہے، مودی سرکار بھارت میں دیگر اقلیتوں پر بھی ظلم کر رہی ہے، عیسائیوں، مسلمانوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پانچ اگست کے بعد ہم نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا لیکن ایک شخص نے لائن آف کنٹرول کی طرف آزادی مارچ کر کے دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹا دی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں پڑھے لکھے اور سمجھدار ہندو بھی سمجھ رہے ہیں یہ غلط ہو رہا ہے مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نفسیاتی مریض ہے، میں نے دنیا کو آر ایس ایس کے نظریے سے آگاہ کیا۔تقریب سے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم پاکستان تقریب کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے اس سے قبل انہیں ایوان وزیراعظم میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خصوصاً کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی جبکہ آزادکشمیر میں کرونا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے حکومت آزادکشمیر کے انسداد کرونا اقدامات کے حوالے سے تعریف کی اور کہا کہ آزادکشمیر واحد علاقہ ہے جس میں اب تک ایک ہزار کیسز بھی سامنے نہیں آئے جس کی وجہ حکومت کی جانب سے مربو ط نظام اور موثر لاک ڈاؤن ہے۔تقریب میں صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،سابق وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی راہنما عبدالماجد خان،خواجہ فاروق احمد،راجہ شجاعت حسین ودیگر بھی موجود تھے۔