میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان نے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۷ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6وکٹوں سے شکست د ے کر سیمی فائنل کی راہ میں حائل ایک اور رکاوٹ عبور کرلی۔ایونٹ کے اہم میچ میں گرین شرٹس نے ناقابل شکست بلیک کیپس کی جیت کے سلسلے کو بریک لگا کر فائنل فور کی جانب ایک اور قدم بڑھادیا، نیوزی لینڈ کے 238رنز کے جواب میں بابر اعظم اور حارث سہیل نے 126رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ حارث سہیل نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 68رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق پر مشتمل گرین شرٹس نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19رنز پر فخرزمان کیچ آئوٹ ہوگئے ، انہوں نے 2چوکوں کی مدد سے 9رنز بنائے جب کہ 44کے مجموعے پر امام الحق بھی چلتے بنے ، وہ 19رنز بنا سکے ۔ابتدائی نقصان کے بعد تجربہ کار حفیظ اور بابر اعظم نے 66رنز کی پاٹنرشپ قائم کرکے مجموعے کو 110تک پہنچایا، اس دوران بابر اعظم نے کیریئر کے 3ہزار رنز مکمل کیے ۔ محمد حفیظ 32رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 126رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا جب کہ کپتان سرفراز احمد نے آخری اوور میں وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کی کشتی کو پار لگایا۔ بابر اعظم نے 127گیندوں پر 101رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایونٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی یہ پہلی سنچری تھی۔ بابر اعظم کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ، فرگوسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا تاہم 5کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے مارٹن گپٹل کو بولڈ کردیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے دوسرے اوپنر کولن منرو کو پویلین کی راہ دکھائی۔شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اورچوتھے نمبر پر آنے والے راس ٹیلر کو بھی صرف 3 رنز پر آٹ کردیا، شاہین کی گیند پر سرفراز نے راس ٹیلر کا زبردست کیچ لیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 41رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوگئے ۔ بعد ازاں جیمز نیشان اور کولن گرینڈ ہوم نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم 200سے زائد اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔دونوں آل رانڈرز نے نہ صرف اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں بلکہ جیمز نیشان نے کیریئر کی بہترین اننگز بھی کھیلی، وہ 97 رن پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ گرینڈ ہوم 64 رنز کی اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوئے ۔ قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جب کہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں