میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنجاب کی تمام جیلوں میں ایڈز کی اسکریننگ کرنے کا حکم

پنجاب کی تمام جیلوں میں ایڈز کی اسکریننگ کرنے کا حکم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۷ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب کی تمام 41جیلوں میں ہر قیدی کے ایچ آئی وی ایڈز کی ا سکریننگ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ حکم ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب میں ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا، صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان، آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم اور سپیشل سیکرٹری مدثر وحید، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات اور ہیلتھ کیئر کمیشن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اسپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر مدثر وحید اور آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم نے وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے ایچ آئی وی ایڈزا سکریننگ اور روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں ایڈز کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ری ہیبلی ٹیشن سینٹر قائم کیے جائیں۔تمام جیلوں میں ایڈز اور ٹی بی کے مریض قیدیوں کو عام قیدیوں سے الگ بیرکس میں رکھا جائے ۔پنجاب کی تمام جیلوں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو فوراً مکمل کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے ماہر نفسیات کی خدمات زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔پنجاب بھر کے حکیموں کے خلاف سخت کریک ڈائون کیا جائے ۔پنجاب میں ٹاسک فورس آن ڈرگ ایڈکشن قائم کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے موثر آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے ۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران 50ہزار سے زائد غیرقانونی علاج گاہوں کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں ایڈز کے تمام رجسٹرڈ مریضوں کو مفت علاج معالجہ و ادویات کی سہولت میسر ہے ۔پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں 18ایڈز ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم ہیں۔پنجاب میں ایڈز کی روک تھام کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، انفیکشن کنٹرول پروگرام، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام، ٹی بی کنٹرول پروگرامز، نارکوٹیکس کنٹرول اور ڈونرز سب مل کر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر کی تمام جیلوں میں اسکریننگ سینٹرز کے ذریعے قیدیوں کی سکریننگ کر رہا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب ایڈز کی روک تھام کے حوالہ سے صوبہ بھر میں آگاہی واکس، ڈرامے ، تعلیمی اداروں میں پوسٹرمقابلے اور ہیلتھ پروفیشنلز کی باقاعدہ تربیت کروا رہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں حجام اور بیوٹی پارلرز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایڈز کے مریضوں کے علاج معالجہ کے سلسلہ میں بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنا رہا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں