پشاور آپریشن،5دہشت گرد ہلاک، 2جوان شہید
شیئر کریں
سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حولدار شفیق اللہ شہید ہو گئے ، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں دوران آپریشن شہید ہونے والے کیپٹن حسن جہانگیر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، حوالدار شفیق اللہ شہیدکی بھی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے افسران، سول حکام، عوام، اور جوانوں نے شرکت کی، شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے ، شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ۔