سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے آڈیو لیکس کمیشن کی تحقیقات کیلئے تشکیل دیے گئے کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے 31 مئی کو اگلی سماعت پر اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ۔ جمعہ کو چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 5 رکنی بینچ نے ا?ڈیو لیک کمیشن کی تشکیل کے خلاف دائر 4 درخواستوں پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے جمعہ کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا اور عدالت عظمیٰ نے آڈیو لیکس کمیشن کو مزید کام سے روکتے ہوئے آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ اگلی سماعت 31 مئی کو ہوگی اور ساتھ ہی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔سپریم کورٹ میں مذکورہ درخواستیں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد شاہد زبیری، ایس سی بی اے کے سیکریٹری مقتدیر اختر شبیر، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ایڈووکیٹ ریاض حنیف راہی نے دائر کی ہیں۔عمران خان کی طرف سے ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے ، صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری اور سیکریٹری بار مقتدیر اختر شبیر، درخواست گزار ریاض حنیف راہی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ان چاروں درخواستوں میں آڈیو کمیشن کی تشکیل کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔