وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے پہلے ہی ناکام
شیئر کریں
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو ارکان اسمبلی کی مطلوبہ تعداد نہ ملنے پر پیش نہیں کی جاسکی تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل ہی ناکامی کا شکار ہوگئی ،تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو پانچ گھنٹے کی تاخیر سے قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت شروع ہوا اجلاس میں تلاوت کلام پاک کے بعد بی اے پی کے رکن میر ظہور بلیدی نے بلوچستان اسمبلی کے قوائد انضباط کار کے قاعدہ (4)(ب)19کے تحت وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد پیش کرنے کی بابت اجازت کی تحریک پیش کی جس پر قائم مقام اسپیکر نے تحریک کی حمایت کرنے والے ارکان کو اپنی نشستوں پر کھڑے ہونے کا کہا تحریک کے حق میں ایوان میں موجود اراکین میں سے صرف 11 ارکا ن کھڑے ہوئے جس کی وجہ سے تحریک پیش کرنے کے لئے مطلوبہ تعداد 13 اراکین کی حمایت حاصل نہیں ہوسکی قائم مقام اسپیکر نے گنتی کے بعد رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کو مطلوبہ اراکین کی اکثریت حاصل نہیں ہوسکی لہذا عدم اعتماد کی تحریک پیش نہیں کی جاسکتی اس موقع پر تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کرنے والے اراکین نے ڈیسک بجائے بعدازاں رکن صوبائی اسمبلی میر ظہور بلیدی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال شروع کیا تو رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی نے کورم کی نشاندہی کردی جس پر ایوان میں کورم پورا کرنے کے لئے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مد ت تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔