میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیٹرول کی قیمت میں 30فی لیٹرتک اضافہ

پیٹرول کی قیمت میں 30فی لیٹرتک اضافہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۷ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیرخزانہ مفتاح اسمعیل نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر30 روپے اضافہ کردیا گیا ہے اور نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیاہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا کہ مشکل فیصلہ تھا کہ ہم عوام پر مزید بوجھ ڈالیں اور بوجھ ڈالیں تو کتنا ڈالیں، میں پہلے سے کہتا آرہاتھا کہ عوام کے اوپر کچھ نہ کچھ بوجھ ڈالنا ناگزیر ہے کیونکہ حکومت کو نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے کے پہلے 15 دنوں میں 55 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ حکومت برداشت نہیں کرسکتی ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ایک آدمی پیٹرول کے اوپر دوسرے پاکستانیوں کو 40 روپے سبسڈی دے رہا ہے، زیادہ سبسڈی گاڑی والوں کو ملتی ہے اور اس سے زیادہ بڑی گاڑی کو مل رہی ہے اور جتنے پیسے والے ہیں، ان کو بھی سبسڈی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک اوسطا آمدن والا پاکستانی اپنے سے امیر والے پاکستانی کو سبسڈی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سبسڈی کی وجہ سے یہاں پیٹرول اور ڈیزل کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے اور ہمارے بیرونی ذخائر پر دبا بھی آرہا ہے۔ مفتاح اسمعیل نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)نے بھی کہا ہے کہ وہ اس وقت تک قرض نہیں دے گا جب تک ہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت نہیں بڑھتے۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا تھا اس کے مطابق حکومت نہ صرف نقصان برداشت کرسکتی تھی بلکہ ہر لیٹر پر 30 روپے ٹیکس لگتا جس کو لیوی کہتے ہیں اور اس کے بعد پوری قیمت پر 17 روپے ٹیکس لگتا۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور شوکت ترین کے فارمولے پر جائوں تو 84 روپے پر ایک قیمت بڑھے گی 30 روپے بڑھے گی تو 124 روپے، اس کے بعد 144 ہے یعنی 268 روپے بنتی ہے اور اس کے اوپر سیلز ٹیکس لگے گا تو 305 روپے لیٹر ہو گا جو عمران خان کا فارمولا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اگر کوئی اقدام نہیں کریں گے تو ہم غلط روش پر جاسکتے ہیں، حکومت نے غریب کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اعلان جلد ہی وزیراعظم قوم سے خطاب میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی اتنی بات رکھنے آیا ہوں کہ حکومت نے (آج) پیٹرول، ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے اضافہ کردیا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ جس کے بعد پیٹرول 179 روپے 86 پیسے، ڈیزل 174 روپے 15 پیسے، کیروسین آئل 155 روپے 56 روپے اور لائٹ ڈیزل 148 روپے 31 پیسے فی لیٹر کا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے ۔مفتاح اسمعیل نے کہا کہ آج بھی یہ 30 روپے بڑھانے کے بعد حکومت ڈیزل پر 56 روپے نقصان کر رہی ہے، 37 روپے 84 پیسے لائٹ ڈیزل، کیروسین 21 روپے 83 پیسے اور پیٹرول پر 17 روپے 2 پیسے نقصان کر رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سے روپے کو استحکام ملے گا، اسٹاک مارکیٹ بھی آگے بڑھے گی اور سب سے اہم معیشت میں توازن برقرار رہے گا۔مہنگائی بڑھنے کے خدشے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے پیڑول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے لیکن ہمارا پاس دوسرا کیا موقع تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم پیٹرول اور ڈیزل مہنگا نہیں کر رہے تھے تو روز روپے کی قیمت ڈالر کے سامنے نیچے گر رہی تھی، عمران خان چھوڑ کر گئے تھے تو ڈالر 190 روپے 189 روپے ہوگئی تھی اور اب مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میں نے خود پی ٹی آئی کی جانب سے پیٹرول کی قیمت بڑھانے پر تنقید کرتا رہا ہوں لیکن اس وقت ہم 30 روپے لیوی اور 17 فیصد ٹیکس کی بات کر رہے تھے جو پی ٹی آئی کی حکومت نے لگایا اور عوام پر بوجھ ڈالا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت حکومت پاکستان ڈیزل پر 56 روپے اپنے پلے سے دے رہی ہے، ہم نئے ٹیکس یا سیلز ٹیکس لگانے کی بات نہیں کر رہے ہیں بلکہ جس قیمت میں مل رہا ہے اس سے بھی کم پر دے رہے ہیں۔بجلی کی قیمتوں سے متعلق سوال پر وزیرخزانہ نے کہا کہ مہنگائی حکومت کی ناکامی سمجھنا چاہیے، ہم قیمتوں پر نظر رکھنے آئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور میری اولین ذمہ داری ہے کہ قیمتوں پر نظر رکھیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں