حقوق کیلئے احتجاج کرنے والے کسانوں پر تشدد جمہوری رویہ نہیں،بلاول بھٹو زرداری
شیئر کریں
اسلام آباد میں کالعدم تنظیموں کو تو احتجاج کے ساتھ تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کسانوں پر تشدد کیا جاتا ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں کسانوں پر پولیس تشدد کو آمرانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کاشتکاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔جمعہ کو جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں کسان تباہ ہو گئے ہیں، حقوق کیلئے احتجاج کرنے والوں پر تشدد جمہوری رویہ نہیں ہے ۔پیپلزپارٹی حقوق کی جدوجہد میں کسانوں کے ساتھ ہے، منتخب پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرنا کسانوں کا بنیادی جمہوری حق ہے۔احتجاج کرنے والے کسانوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج نواز حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کا حصہ ہے۔انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں کالعدم تنظیموں کو تو احتجاج کے ساتھ تحفظ فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کسانوں پر تشدد کیا جاتا ہے ۔وزیرداخلہ بتائیں کہ وفاقی دارالحکومت میں کالعدم تنظیموں کو احتجاج کی اجازت ہے تو کسانوں کو کیوں نہیں ہے ۔چودھری نثار نے ایک بار پھر آمریت کی پیداوار ہونے کا ثبوت دے دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کسان خوشحال ہوا تھا، نواز شریف نے کاشتکاروں سے خوشیاں تک چھین لی ہیں ۔باردانے کے لئے کسانوں کا اسلام آباد میں احتجاج کرنا حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کا ثبوت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر پہلے کی طرح کسانوں کو ان کے حقوق دے گی۔زرعی معیشت کو پیپلز پارٹی نے ہی سہارا دیا آئندہ بھی تباہ حال زرعی شعبے کو مستحکم کریں گے۔