سکیورٹی فورسز ،دہشت گردوں میں فائرنگ ، 2سپاہی شہید 2 دہشت گرد ہلاک
شیئر کریں
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سپاہی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی وقاص علی شاہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی باسط علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آخری اطلاعات تک علاقے میں کسی مزید دہشت گرد کو ٹھکانے لگانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔