ماحول دوست افراد نے عوامی شعور کے لیے سگریٹ ٹکڑوں کا پہاڑ بنادیا
شیئر کریں
ماحولیات کا شعور رکھنے میں سرگرم افراد نے پرتگال کے سب سے بڑے شہر سے سگریٹ کے 650000 ٹوٹے جمع کرکے عوام کوماحولیاتی شعور دینے کی کوشش کی ہے۔اتوار کے روز پرتگال کے صدر مقام ، لزبن میں چھ لاکھ سے زائد سگریٹ کے ٹوٹے ایک جگہ جمع کئے گئے تو گویا ایک پہاڑ بن گیا۔ یہ سارے ٹوٹے 40 بالٹیوں میں بھرے جاسکتے ہیں۔ رضاکاروں کے مطابق انہیں جمع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو ایک ایسے مسئلے کا شعور دیا جائے جسے اکثرنظرانداز کیا جاتا ہے۔ سگریٹ کے ٹکڑے عموماً تلف نہیں ہوتے اور برسہا برس ماحول میں موجود رہتے ہیں۔اس موقع پر 34 سالہ ٹیم لیڈر اینڈریاس نو نے بتایا کہ سگریٹ کے منہ میں رکھے جانے والے حصے میں پلاسٹک ہوتا ہے اور وہ زہریلا ہوتا ہے۔ اسے ماحول میں پھینک کر ہم ہر جگہ آلودگی پھیلارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے پورے شہر سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح سگریٹ کے ٹکڑوں کو پھیلنے سے روکیں کیونکہ یہ پہلا قدم ہے جس کے تحت ہم ماحول کی صفائی ممکن بناسکتے ہیں۔اس سے قبل اینڈریاس سگریٹ کے دس لاکھ ٹکڑے جمع کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق سگریٹ کے ٹکڑے خشکی کے ساتھ ساتھ سمندر کو بھی بری طرح آلودہ کررہے ہیں۔