عورت مارچ کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
شیئر کریں
عورت مارچ کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کیے گئے عورت مارچ کی وجہ سے پیدا ہونے والا تنازع مزید شدت اختیار کر گیا۔ 8 مارچ کو ہونے والے عورت آزادی مارچ پر اعتراضات کا معاملہ اب عدالت تک جا پہنچا، خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی ایک مقامی عدالت نے عورت مارچ کے منتظمین کیخلاف حکم جاری کیا ہے۔پشاور کی مقامی عدالت میں ایک شہری نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عورت مارچ کے نام پر سڑکوں پر غیر اسلامی حرکات کی گئیں، جس پر مارچ کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ جمعہ کے روز ہوئی سماعت کے دوران شہری کی درخواست سننے کے بعد عدالت نے پشاور کے ایس ایچ او تھانہ شرقی کو حکم دیا ہے کہ عورت مارچ اسلام آباد کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملک میں حالیہ کچھ برسوں کے دوران شروع ہونے والے عورت مارچ کا ٹرینڈ مختلف تنازعات کا باعث بنا رہتا ہے۔ مارچ منتظمین اور اس کے مقاصد کے حوالے سے سنگین الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ جبکہ عورت مارچ کے منتظمین کا موقف ہے کہ لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد اور محض پروپیگنڈا ہیں۔