کمشنر کراچی کااعلیٰ افسران کے ساتھ فشریز کا دورہ مسائل حل کرنے کے احکامات جاری
شیئر کریں
(رپورٹ:علی کیریو)کمشنر کراچی کااعلیٰ افسران کے ساتھ فشریز کا دورہ، ایکسپورٹرایسوسی ایشن نے فشریز پر سڑکوں کی خستہ حالت، گندگی، تجاوزات اورغیرقانونی موٹرسائیکل پارکنگ سے آگاہ کردیا، کمشنر کراچی نے افسران کو فوری طور پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے، ایسوسی ایشن مچھلی کی امریکا برآمد شروع ہونے اور یورپ کی برآمد میں اضافہ ہونے کیلئے پرامید ۔تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی محمداقبال میمن نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار احمد ابڑو، اسسٹنٹ کمشنر ہاربر، چیف انجینئر ورکس اینڈ سروسز اور دیگر افسران کے ہمراہ کراچی فشریز کا دورہ کیا، دورے کے دوران پاکستان فشریز ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین مسلم ایس محمدی اور معرف صنعتکار محمد زبیر چھایا نے کمشنر کراچی اور چیف انجینئر ورکس کو مسائل سے آگاہ کیا، چیئرمین نے بتایا کہ یورپی یونین سمیت دیگر ممالک کے وفود فشریز کا دورہ کرتے ہیں ، فشریز پر سڑکوں کی خستہ حالی اور گندگی دیکھ کر یورپی خریدار معاہدے کئے بغیر ہی واپس چلے جاتے ہیں، فشریز پر غیرقانونی موٹرسائیکل پارکنگ اور ناجائز تجاوزات بہت بڑا مسئلہ ہے ، فشریز پر مسائل کی وجہ سے مچھلی اور جھینگے کی برآمدی تجارت پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔ محمد زبیر چھایہ نے کمشنر کراچی کو کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ کو تعمیر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ پر شہریوں کو پارکنگ سمیت دیگر سہولیات فراہم کریں تاکہ کیماڑی، ماڑی پور اور لیاری کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ فشریز گیٹ نمبر 2 سے فش ہاربر تک سڑک کی تعمیر کے احکامات جاری کئے ہیں، سڑک پر تقریباً 8 کڑوڑ روپے لاگت آئے گی، سڑک کی تعمیر کا کام کچھ دنوں میں شروع ہوگا، کیماڑی ضلعی انتظامیہ فشریز میں تجاوزات اور مرکزی سڑکوپر غیرقانونی پارکنگ ختم کرے، چھوٹی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کیلئے جگہ مختص کی جائے، اس کے ساتھ فشریز پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا کہ کیماڑی ضلعی انتظامیہ سی فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر کا پروپوزل پیش کرے ، سی فوڈ اسٹریٹ پر بھی پیش رفت کی جائے گی۔ مسلم محمدی نے کہا کہ پہلے کمشنر ہیں جنہوں نے کراچی فشریز کا دورہ کیا ہے اور دورے سے مسائل حل ہونے کی امید ہے، فشریز کے تقریباً 50 کمپنیوں نے مچھلی کی برآمد کیلئے یورپ میں اپلائی کیا ہے ، امریکا میں پاکستان کی مچھلی پر 5 سال سے پابندی عائد ہے ، امریکی صنعت کاروں کو مدعو کیا ہے اور امید ہے کہ امریکا میں پاکستانی مچھلی کی برآمد شروع ہوگی جس سے مچھلی کی برآمدات میں اضافے کی امید ہے۔