وزیر اعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس سے متاثرہ افرادکیلئے ایک ہسپتال مختص کرنے کا اعلان
شیئر کریں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک ہسپتا ل کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کرنے کا اعلان کر دیا ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ شام نجی ہسپتا ل میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا، متاثرہ شخص کے اہلخانہ کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے 1500افراد کا ڈیٹا جمع کرلیا جبکہ ایران سے آنے والے لوگوں کو کہیں گے کہ اپنے گھروں میں رہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں 2دن کے لیے اسکول بند کردئیے ہیں جب کہ کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ، ماسک کی کمی پورا کرنے کے لیے ویئر ہائوسز سے رابطہ کریں گے اور ماسک کی اصل قیمت پر فروخت کو یقینی بنائیں گے جب کہ مہنگا ماسک بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہسپتا ل کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے مختص کررہے ہیں، کورونا سے متعلق ہسپتا ل میں آلات و ڈاکٹرز اسپیشل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق ایک بھی میٹنگ میں نہیں بلایا، وفاقی حکومت پارٹی بنیادوں پر نہیں بلکہ قومی معاملہ سمجھ کر سوچے تاہم اگر وفاقی حکومت کو کوئی مدد درکار ہے تو ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔