کینیڈا میں پہلی بار مشیر برائے اینٹی اسلامو فوبیا کی تقرری
شیئر کریں
کینیڈا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خطرے سے نمٹنے کے لئے کینیڈین حکام نے پہلی بار خصوصی نمائندہ برائے اینٹی اسلامو فوبیا کو مقرر کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین حکومت حالیہ برسوں میں ملک میں پے در پے مسلم کمیونٹیز کے ارکان کو نشانہ بنانے کے سلسلہ وار حملوں کے بعد نفرت اور امتیازی سلوک کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹرودو نے اعلان کیا کہ ملک میں اسلاموفوبیا اور امتیازی سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس لیے اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لئے پہلی بار خصوصی نمائندے کے طور پر امیرہ الغوابی کو مقرر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امیرہ الغوابی کی تقرری کو اسلامو فوبیا اور اس کی تمام شکلوں میں نفرت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ امیرہ الغوابی ملک سے اسلاموفوبیا اور نفرت انگریز رویوں کو ختم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک ایسے ملک کی تعمیر کی جانب اہم قدم قرار دیا جہاں ہر کوئی بلا تفریق مذہب خود کو محفوظ اور قابل احترام محسوس کرسکے۔