پرویز الہٰی کا فواد کے بھائی فیصل چودھری کو ٹیلیفون، بیان پر معذرت
شیئر کریں
پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری کو ٹیلی فون کر کے گرفتاری والے بیان پر معذرت کی ہے۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ فواد چودھری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط احترام و عقیدت کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے نادانستہ بیان سے فواد چودھری اور اہلِ خانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ فواد چودھری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت اور نہایت قابلِ مذمت ہے۔ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پرویز الہی نے کہا کہ فواد چودھری اور اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں اور اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں۔ اس موقع پر فیصل چودھری نے کہا کہ چودھری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں۔ فیصل چودھری نے کہا کہ آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی دائمی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔