حکومت کو خطرہ نہیں ، افواہیں پھیلائی جا ر ہی ہیں ،شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، عمران خان اور عثمان کہیں نہیں جارہے ،صرف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ،اتحادی راضی ہو جائیں گے ،قوم کو شریفوں، زرداریوں اوران کے ایجنٹوں سے خطرہ ہے ،راولپنڈی کے عوام کو مسائل کے حل کیلئے 2021ء تک کا وقت دیتا ہوں ۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں چوروں اورڈاکوئوں نے ملک کو لوٹا جس کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا جو ہماری مجبوری تھی۔ایک بار پھر مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی ختم کریں گے اور عمران خان کہتے ہیں کہ ملکی مسائل 2020 تک حل ہو جائیں گے لیکن پنڈی کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں مسائل 2021 تک حل ہوں جائیں گے ، ملک میں غریب، غریب تر اور امیر طاقتور ہو رہا ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں عمران خان اور عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے ، جو وزیراعلی پنجاب سے ناراض ہیں وہ جلد مان جائیں گے ۔بڑے نام سمجھتے ہیں کہ وزارت اعلیٰ پر ان کا حق ہے جب کہ جو کرپٹ ہو گا عمران خان کی کیبنٹ میں نہیں ہو گا۔حکومت کی اتحادی جماعتوں کے تحفظات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی باتیں جائز ہیں جب کہ چوہدری برادران بھائیوں کی طرح ہیں اور دونوں ہی جماعتیں عمران خان کے ساتھ کھڑی رہیں گی، بدمعاشی کی سیاست کی نہ ہی قبضے کی سیاست کی، ناراض اتحادی بھی ہم سے راضی ہوجائیں گے ۔بعدازاں ملک میں آٹا بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے کابینہ میں ڈٹ کر مخالفت کی کہ آٹا درآمد نہ کریں، کابینہ میں تجویز بھی دوں گا کہ منتخب لوگوں کی پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہئے ۔عمران خان اور بزدار کہیں نہیں جارہے ، عمران خان کی ایمانداری کی میں قسم کھاسکتاہوں۔ عمران خان دیانتدار ہے ۔ عثمان بزدار5 فروری کو لال حویلی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی جلسے میں شریک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ زیادتی ووٹرز کے ساتھ ہوتی ہے ، اپنے چار پراجیکٹس مکمل کرکے جلسہ کرکے سیاست چھوڑ دوں گا، پراجیکٹ مکمل ہونے پرسیاست چھوڑ کرتعلیم کے سیکٹرمیں کام کروں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ جہانگیر ترین اور خسروبختیار کا چینی کا کاروبار ہے ، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ شوگر مافیا بہت بڑا ہے ۔وفاقی وزیر نے راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی وہ واحد شہر ہوگا جس میں چار یونیورسٹیاں ہوں گی۔ اپنے حلقے والوں سے کئے وعدے پورے کرکے سیاست سے کنارہ کش ہو جاں گا۔