کورونا وائرس ،امریکا کی اپنے شہریوں کو چین چھوڑنے کی ہدایت
شیئر کریں
چین میں پھیلے پراسرار کورونا وائرس کے خطرے کے باعث امریکا نے چین میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر نکلنے کی ہدایت کر دی۔ چین کے وسطی صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2000سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ہلاک افراد کی تعداد بھی 50سے تجاوز کر چکی ہے ۔اس وائرس کی وجہ سے ہوبئی کے 13شہروں میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے باعث تقریبا ساڑھے 5کروڑ کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے ۔اس مہلک وائرس کی وجہ سے امریکی محکمہ خارجہ نے ہدایت کی ہے کہ چین میں مقیم امریکی شہری جلد چین سے نکل جائیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہریوں کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کیا جا رہا ہے جو منگل کو ہوبئی کے شہر ووہان سے روانہ ہو گی۔ترجمان کا بتانا تھا کہ ووہان سے امریکی شہریوں کو سان فرانسسکو لایا جائے گا۔چین سے پھیلتے ہوئے پراسرار کورونا وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 9ملکوں میں بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے ، اس وائرس کا تعلق سارس سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے ۔ ووہان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وبا کے پھیلا ئوکا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔