گلشن اقبال میں غیرقانونی تعمیرات کیلئے کھلی چھوٹ
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے راشی افسران نے سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلشن اقبال میں غیرقانونی تعمیرات کیلئے بلڈرمافیاکوکھلی چھوٹ دے دی۔ ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے گلشن اقبال ٹاؤن کے راشی افسران نے بلڈرمافیاسے معاملات طے کرکے ٹاؤن میں غیرقانونی تعمیرات کیلئے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جس کے بعد گلشن اقبال بلاک 4اور5میں درجنوں رہائشی پلاٹوں پرغیرقانونی کمرشل تعمیرات شروع ہوگئی ہیں جبکہ بعض اختتامی مراحل میں بھی پہنچ چکی ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیاہے کہ ایس بی سی اے افسران نے غیرقانونی اضافی فلورز،پورشن اور دکانوں کے الگ الگ ریٹ مقررکررکھے ہیں،اور بلڈرز سے نذرانوںکی وصولی کیلئے بیٹرزکی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔بلاک 5میں پلاٹ نمبرA362،پلاٹ نمبرA129، پلاٹ نمبرB82، پلاٹ نمرFL3/28،پلاٹ نمبرA576اور بلاک 4میں پلاٹ نمبرB4پرغیرقانونی تعمیرات کی اجازت کے عوض کروڑوں روپے لئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈی جی ایس بی سی اے کوکراچی میں غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام اور کارروائی کے لیے واضح احکامات دے رکھے ہیں۔