جنرل عاصم منیر کے کمان سنبھالنے سے فرق پڑا ہے ، فواد چوہدری
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب سے جنرل عاصم منیر نے کمان سنبھالی ہے فرق پڑا ہے، ہم اسٹیبلشمنٹ سے بنا کر رکھنے کے خواہاں ہیں،اس وقت زرداری، نواز کے ساتھ کھڑا ہونا مصیبت ہے، پاکستان میں پہلے اسٹیبلشمنٹ تھی، اب عمران خان بھی حقیقت ہے، جو اس حقیقت کو نظر انداز کرے گا وہ اپنا اور ملک کا نقصان کرے گا۔نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویوں میں فواد چوہدری نے کہا کہ تین بار قمر باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کہا گیا کہ عمران خان آپ کو ڈی نوٹیفائی کریں گے لیکن عمران خان نے ایسا کچھ سوچا تک نہیںتھا کہ کسی کو ڈی نوٹیفائی کریں۔ ایک تو ہر وقت ریکارڈنگز ہوتی رہتی ہیں یہ بھی بڑا مسئلہ ہے، اصطلاح سے ہٹ کر بات بتائی جائے تو لگتا ہے جیسے سازش ہورہی ہو۔فواد چوہدری سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے قمر باجوہ کے بارے میں بات کی تو اب پرویز الٰہی کے غصے کیلئے تیار ہیں؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب عمران خان پرویز الٰہی سے تو گائیڈ لائن نہیں لیں گے، پرویز الٰہی نے غصے میں بات کردی ہوگی وہ کسی کو کچھ نہیں کہیں گے۔انہوںنے کہا کہ عدم اعتماد جیسے آئی، چیف سیکرٹری نے نوٹیفکیشن کیا اس سے تاثر بنتا ہے، اب کوئی ڈبل گیم کرے یا ٹرپل، اسمبلی تو توڑنی پڑے گی، چیف سیکرٹری نے کہا لوگ ان کے کمرے میں آئے لیکن لگتا ہے ایسا نہیں ہوا، چیف سیکرٹری نے اداروں پر ڈالنے کی کوشش کی اصل میں وہ رانا ثنا اللہ تھے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بھی خوش کرلیں اور یہ بھی اکٹھے رہ لیں، صدر علوی اور اسحاق ڈار کی ملاقاتوں میں بریک تھرو نہیں ہوا، ان کی حکمت عملی ہے عمران خان کو نا اہل کرکے کریمنل کیسز بنائیں، پھر ایک سال انتخابات ملتوی کیے جائیں، اس دوران یہ سیاسی طور پر دوبارہ کچھ حاصل کرلیں۔انہوں نے کہا کہ آپ دوبارہ سیاسی پوزیشن نہیں لے سکیں گے آپ سے معیشت نہیں سنبھلے گی، اس وقت زرداری، نواز کے ساتھ کھڑا ہونا مصیبت ہے، پاکستان میں پہلے اسٹیبلشمنٹ تھی، اب عمران خان بھی حقیقت ہے، جو اس حقیقت کو نظر انداز کرے گا وہ اپنا اور ملک کا نقصان کرے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت جانے کے بعد بھی کہا گیا کوئی مسئلہ ہی نہیں الیکشن ہو رہے ہیں، اب نا معلوم کالز نہیں آ رہیں اور میڈیا پر بھی عمران خان بلاک نہیں ہو رہا۔انہوںنے کہاکہ کچھ منفی چیزیں بھی ہیں جس میں ایم پی ایز نے کہا انہیں کالز آ رہی ہیں، ہوسکتا ہے ایم پی ایز اپنی اہمیت بتانے کیلئے ایسی باتیں کر رہے ہوں۔