کراچی،بانی پاکستان کا142 واں یوم پیدائش جوش و جذبے سے منایا گیا
شیئر کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 142واں یوم ولادت پیرکوملی جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیا۔قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر دن کا آغاز نمازفجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی اورامن وسلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔کراچی میںمزارقائدپر بابائے قوم قائداعظم کے142ویں یوم پیدائش پر گارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے،اس سے قبل کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل اخترنوازستی نے پریڈکامعائنہ کیا،مزارقائدپرپھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔رواں سال مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی آخری تقریب میں پاکستان ایئر فورس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کو گارڈز کے فرائض سپرد کیے ۔