بلاول بھٹو ناراض، پیپلزپارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم پرشدید اختلافات
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) پیپلزپارٹی کی اعلیٰ سطح کی قیادت میں ٹکٹس کے معاملے پرشدید اختلاف، پارٹی تین حصوں میں تقسیم، تنازع کی شروعات بلدیاتی انتخابات کے دوران ٹکٹوں کی تقسیم پر ہوئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری محدود اختیارات کے باعث ناخوش، تنظیمی اسٹرکچر کو بھی نظرانداز کیا جانے لگا، کارکنان پریشانی کا شکار، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی میں آنے والے عام انتخابات میں ٹکٹس کے معاملے پر اعلیٰ قیادت میں اختلافات کا انکشاف ہوا ہے ، ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں پارٹی اسٹرکچر کو مکمل نظرانداز کرکے ٹکٹس جاری کی گئیں جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دیے گئے ناموں سے چند ہی فائنل کیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ کی سربراہ فریال تالپور اور کو چیئرمین آصف علی زرداری نے جاری کیں جبکہ بورڈ میں کارکنان و عہدیداروں کے رائے کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹس کے معاملے پر پارٹی ا سٹرکچر کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، ذرائع کے مطابق آنے والے انتخابات میں سندھ کے چند اضلاع میں ٹکٹس کے معاملے پر اعلیٰ قیادت میں اختلافات نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے ، پارٹی چیئرمین ٹکٹس سمیت عہدیداروں کے انتخاب میں محدود اختیارات کے باعث ناخوش ہیں، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی میں اس وقت تین گروپ موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی چیئرمین کو صرف جلسوں اور پارٹی سرگرمیوں تک محدود کرنے کی کوشش کی گئی جس پر بلاول بھٹو زرداری نے مزاحمت کی، ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری زرداری کچھ ٹکٹس اپنے مرضی سے دینا چاہتے ہیں۔