متحدہ عرب امارات میں 8 ماہ بعد مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت
شیئر کریں
متحدہ عرب امارات نے 8 ماہ بعد مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے 8 ماہ بعد مساجد میں خصوصی ضابطہ کار کے تحت نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے ۔یو اے ای حکام کی جانب سے جاری ضابطہ کار کے تحت مسجد کی گنجائش سے 30 فیصد افراد ہی نماز جمعہ ادا کرسکیں گے اور اس کا اطلاق 4 دسمبر سے ہوگا۔اس کے علاوہ ابو ظہبی کی انتظامیہ نے تجرباتی طور پر ویکسین کی پہلی 2 خوراکیں لینے والے افراد کو گولڈن اسٹار کیٹیگری میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ، ان افراد کا امارات کی کسی ریاست سے ابوظہبی واپسی پر کورونا ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا اور وہ قرنطینہ سے بھی مستثنیٰ ہوں گے ۔واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح متحدہ عرب امارات میں بھی کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، یو اے ای میں ایک لاکھ 60 سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے جب کہ 560 سے زائد لقمہ اجل بنے ہیں، کورونا ہی کی وجہ سے ہی یو اے ای نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے وزٹ اورورک ویزا کے اجرا پر دوبارہ پابندی بھی عائد کردی ہے ۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی دوویکسینزکے ٹرائل تیسرے فیزمیں ہیں جن میں سے ایک چینی کمپنی سینوفارم اوردوسری روس نے بنائی ہے ۔