ارشد شریف قتل کیس، سونے کی اسمگلنگ کی تحقیقات کی جائے گی، وزیر داخلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سینئرصحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل سے متعلق حقائق جاننے کیلئے اعلی سطح کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو ایف آئی اے اورانٹیلی ایجنسیز کے اعلیٰ افسران پر مشتمل ہے۔ تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا روانہ ہو گی اورارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کر کے حتمی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کریگی۔ تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کیس میں پاکستان کے ایک نجی چینل سے منسلک شخصیت کے کینیا میں سونے کی اسمگلنگ کے کاروبار سے متعلق قائم کمپنی کے کردار کا جائزہ لے گی۔ تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی پاکستان سے دبئی اور پھر دبئی سے کینیا روانگی کی مکمل وجوہات اورمحرکات کا جائزہ لے گی۔ ایک سیاسی شخصیت کے اعتراف کے بعد تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کو پاکستان سے دبئی اور پھر سے کینیا جانے پر مجبور کرنے کے عوامل کا بھی جائزہ لے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کینیا پولیس اور دیگر ذرائع سے حاصل شدہ معلومات اور شواہد کی روشنی میں اپنی ایک آزادانہ رپورٹ مرتب کرکے وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔