شہبازشریف کا آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مزیداور مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے تصور کے لئے خطرناک ہے ،تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے ،ڈالر کی قیمت میں اضافے سے عوام کنگال ہورہے ہیں اور حکومت کو عوام کی حالت زار کا کوئی احساس نہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا ہے، پارلیمنٹ کو بتایا جائے ،آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانابتارہا ہے کہ دال کالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کوبرباد کررہا ہے اور مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے ،مہنگائی کی طرح ڈالر میں مسلسل اضافے پر حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ،حکومت ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر دانستہ خاموش ہیںجو آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی کی صورت میںبھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا ،ڈالر کی مسلسل پرواز ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لئے نیک فال نہیں۔