میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
یکم نومبر سے مہنگائی کے خلاف تحریک چلائیں گے ،سراج الحق

یکم نومبر سے مہنگائی کے خلاف تحریک چلائیں گے ،سراج الحق

ویب ڈیسک
پیر, ۲۶ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سیاسی بریانی میں شامل ہونے کی بجائے اصل اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے ۔ پیپلز پارٹی یا ن لیگ حکومت گرانا چاہتیں ہیں تو استعفے دیکر اسمبلیوں سے باہر آئیں ۔اپوزیشن اسمبلیوں سے باہر آجائے توحکومت ایک دن نہیں چلے گی۔جس دن اپوزیشن کی طرف سے استعفے آئے جماعت اسلامی بھی استعفے دے دے گی۔جماعت اسلامی یکم نومبر سے مہنگائی بے روز گاری اور سودکے خلاف تحریک کا آغاز کررہی ہے ۔جب تک سودی معیشت ہے ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کرسکتا۔اپوزیشن جماعتیں حکومت سے عوامی مسائل مہنگائی بے روز گاری ،بدامنی ،تعلیم یا صحت پر نہیں ،یہ اقتدار اور باریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں ۔ملکی مسائل کا حل صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہے ۔قرآن و سنت کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنا حضورؐسے محبت و عقیدت کا بہترین اظہار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے ہر وہ کام کیا ہے جس کے نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ جس کا وعدہ کیا تھاوہ ایک بھی کام نہیں کیا ۔موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا مجموعہ اور سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پرگامزن ہے ۔جو وزیر مشیر مشرف ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں تھے وہی موجودہ حکومت کی کابینہ میں شامل ہیں۔سابقہ حکومتوں میں ناکامیوں اور کرپشن کی داستانیں رقم کرنے والوں کو نہلا دھلا کر موجودہ حکومت میں شامل کردیا گیا ہے لیکن عوام اب ان بہرپیوں کے فریب میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر قوم کو ایک بار نہیں بار بار دھوکہ دیا گیا ۔کھربوں روپے ڈکارنے والوں سے چند کروڑ لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے ،عوام حکومت اور نیب سے سوال کرتے ہیں کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو چھوڑنے کا اختیار انہیں کس نے دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں کرپشن اور رشوت کے ریٹس بڑھ گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں