کراچی میں بھتہ خور پھر سر اٹھانے لگے، دو دن میں دو واقعات
شیئر کریں
شہرِ قائد میں بھتہ خور پھر سر اٹھانے لگے، دو دن میں بھتہ خوری کے دو واقعات سامنے آ گئے، تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش کے قریب پرانا گولیمار میں گینگ وار کے کارندے نے دکان دار کو پرچی بھیجی، دونوں واقعات میں گینگ وار کا نام سامنے آ رہا ہے۔تاجر کو غیر ملکی نمبر سے واٹس ایپ پر کال، بھتہ نہ دینے پر تاجر کے بھائی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔
گینگ وار کے کارندے نے دکان دار کو 50 ہزار بھتے کی پرچی تھما دی، رقم نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دکان دار نے تا حال بھتے کی شکایت درج نہیں کرائی۔دوسرے واقعے میں مزارِ قائد کے قریب بھتہ نہ دینے پر کار پر فائرنگ کر کے تاجر کے بھائی کو زخمی کر دیا گیا، تاجر کے مطابق پہلے غیر ملکی نمبر سے واٹس ایپ پر کال کی گئی۔طفیل نامی تاجر کا کہنا تھا کہ ان سے لیاری گینگ وار کے کارندے زاہد لاڈلہ کے نام سے پچاس لاکھ بھتہ طلب کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ جمشید کوارٹرز میں درج کر دیا گیا۔موقع واردات سے گولیوں کے خول مل گئے، پولیس نے گولیوں کے خول فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے۔