نئے چیئرمین نیب کی تقرری،حکومت کاشہبازشریف سے مشاورت نہ کرنے کافیصلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں،ایک دوبئی میں ،دوسرا لندن میں مفرور ہے، عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے،وزیراعظم نے جس طرح کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے رکھا، نریندر مودی کو للکارا، ایسا پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا،ن لیگ اور پی پی پی بکھر گئی ہیں، ن لیگ اور پی پی پی کا ٹکٹ لینے والا بھی کوئی نہیں ہے،پیپلز پارٹی اور پی ایم ایل این کا یہ آخری الیکشن ہوگا، اس کے بعد یہ الیکشن لڑنے کی پوزیشن ہی نہیں ہوں گے،شہباز شریف سے چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے مشاورت کرنا ایسا ہی ہے جیسے کسی چور سے پوچھا جائے کہ اس کا تفتیشی افسر کسے لگانا ہے،الیکشن کمیشن سے معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں، خطے کے اہم فیصلوں کیلئے عالمی قیادت وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، ، جن لوگوں کو جیلسی ہے وہ اگلے پانچ سال بھی روتے ہوئے گزاریں گے، ہم نے عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کئے، نومبر میں کھاریاں سے اسلام آباد موٹر وے کی تعمیر کا آغاز کریں گے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اللہ تعالی کی مہربانی اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی توجہ سے آج جہلم ترقی کی جانب گامزن ہے، ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ تین سال میں ہی پورے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں کھاریاں سے اسلام آباد موٹر وے کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں جو جہلم سے گزرے گی، اس موٹر وے سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سو کلو میٹر کا فاصلہ کم ہوگا جبکہ اس موٹر وے سے روات، گوجرخان، سوہاوہ، چکوال، دینہ، جہلم، سرائے عالمگیر، کھاریاں، لالہ موسی، وزیر آباد کی بڑی آبادی مستفید ہوگی جسے گزشتہ دور میں موٹر وے کی تعمیر کے وقت نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ نارتھ پنجاب کا سب سے بڑا روڈ پراجیکٹ ہوگا جس کا وزیراعظم نومبر میں افتتاح کریں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے۔ افغانستان کا مسئلہ ہو یا یا کشمیر کا، غریب ملکوں سے لوٹی گئی دولت امیر ممالک کو منتقلی کا معاملہ ہو یا ماحول کا، وزیراعظم عمران خان نے ہر سطح پر پاکستان کے ہر فرد کے دل کی ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران جس طرح کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے رکھا، نریندر مودی کو للکارا، ایسا پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی واقعات میں الزام لگا کہ ایک پاکستانی ان حملوں میں ملوث ہے، اس شخص کا کسی سیکورٹی ایجنسی اور فوج سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن عالمگیر سطح پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جب کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تو نواز شریف نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ حکمران رہ چکے ہیں جن میں کبھی اپنے پائوں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ انہوں نے قومی دولت لوٹنے، نریندر مودی کو شادیوں پر بلانے کے علاوہ کبھی کوئی تعمیری کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گذار رہے ہیں، ایک دبئی میں اور دوسرا لندن میں مفرور ہے۔ جو لوگ اپنی مٹی کے ساتھ جڑے نہ ہوں تو اس طرح کی زندگی گزارنا ان کا مقدر ہوتی ہے، نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالروں کے بیگ بھر کر بیرون ملک فرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لئے سبق ہے جو سیاست تو کرتے ہیں لیکن اپنی زمین سے جڑے نہیں ہوتے، اس طرح کے لوگوں کا حشر ہمارے سامنے ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جہلم میں کنٹونمنٹ کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے کلین سویپ پر جہلم کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وفاق کی نمائندہ جماعت صرف تحریک انصاف ہے، وزیراعظم عمران خان کا ملک میں ہر جگہ ووٹ بینک موجود ہے۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وفاق کو جوڑنے والا لیڈر ہمارے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی بکھر چکی ہیں، ن لیگ اور پی پی پی کا ٹکٹ لینے والا بھی کوئی نہیں ہے، بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب کے دورہ کے موقع پر لوگوں کو پانچ پانچ کروڑ روپے کی آفر کی کہ ہمارے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے معاملات بہتری کی طرف گامزن ہیں، الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن کے باقی لوگوں سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں۔ چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف ملزم ہیں، نیب نے انہیں ملزم ڈیکلیئر کر رکھا ہے، چیئرمین نیب کی تقرری کے بارے میں شہباز شریف سے مشاورت اسی طرح ہے کہ چور سے پوچھا جائے کہ اس کا تفتیشی کون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے لئے شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہوگی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پہلے حکومتیں صرف لیڈروں سے اپنے تعلقات بناتی تھیں، عمران خان عالمی سطح پر عوام سے بات کرتے ہیں، ہم نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے حوالے سے حقائق سامنے لائے تو انگلش کرکٹ ٹیم اور انگلش کرکٹ بورڈ پر دبائو پڑا، انگلش وومن ٹیم بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے جبکہ برطانیہ کے وزیراعظم نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے، یہ پبلک ڈپلومیسی کی کامیابی ہے۔