موسیٰ خیل میں گاڑیوں سے اتار کر شناخت کے بعد 23 افراد قتل
شیئر کریں
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 23 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا۔ ایس پی موسیٰ خیل ایوب اچکزئی کے مطابق بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام پر مسلح افراد نے بین الصوبائی شاہراہ پر ناکہ لگا کر مذموم کارروائی کی، فائرنگ کا واقعہ ڈیرہ غازی روڈ کنگری سے 2 کلو میٹر دور پیش آیا۔ ایوب اچکزئی کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ٹرکوں اور بسوں سے مسافروں کو اتارا اور شناخت کے بعد انہیں فائرنگ کر کے قتل کیا، مسلح افراد نے فرار ہونے سے قبل 10 گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان شہبا زشریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔