گورنر سندھ نے سابقہ حکومت کا ایک اور بل اعتراض لگا کر واپس بھجوا دیا
شیئر کریں
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ترمیمی) بل 2023 پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے واپس بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے سابقہ حکومت کا ایک اور بل اعتراض لگا کر واپس بھجوا دیا گیا ، کامران ٹیسوری نے سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ترمیمی)بل 2023 واپس کردیا۔ انہوں نے آئین کے سیکشن 116(2)(b) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے بل پر اعتراضات اٹھائے۔ گورنر سندھ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا سیکشن (3) میں کی گئی ترمیم میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے وائس چیئرپرسن نامزد کرنے میں تعلیم، تجربہ اور مدت کا تذکرہ نہیں کیا گیا، اس لئے اس اسامی پر تعیناتی کے لئے ان چیزوں کے بغیر یہ غیر مناسب عمل ہوگا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ سیکشن 9 میں 4 سالہ مقررہ مدت کو غیر معینہ مدت تک کرنے اور اس میں مذید 2سال اضافہ پہلے سے طے شدہ شفاف تقرر کے طریقہ کار کے منافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے تجربہ کو 20سال سے کم کرکے 15سال کرنے اور اسامی کو 20 گریڈ سے 19/20 گریڈ کی کرنے سے مذکورہ افسر کی کارکردگی میں فرق آئے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس معاملہ پر نظرثانی کی جائے ، بل صوبائی اسمبلی کو واپس بھیج دیا ہے۔