بجلی کے بلوں پر عوامی ردِ عمل، وزیراعظم نے اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
شیئر کریں
بجلی کے بلوں پر شدید عوامی ردِ عمل کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے نرخوں کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس اتوار کوطلب کر لیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے اتوار کو اسلام آباد میں بجلی کے نرخوں اور صارفین کے بِلوں پر ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں صارفین کو بجلی کے بِلوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں غیر منصفانہ اضافوں پر ملک بھر میں عوام سراپا احتجاج ہیں، بجلی کے زائد بلوں پر کراچی، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، پشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں عوامی مظاہرے کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ بعض شہروں میں بجلی کے بلز بھی جلائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی میں کے الیکٹرک کے عملے پر عوام کے ٹوٹ پڑنے کے بھی کچھ واقعات سامنے آئے ہیں۔ یاد رہے کہ تاجر بجلی کے بھاری بلز اور محصولات کی بھرمار پر ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان بھی کر چکے ہیں ۔