یونیک فیکٹریوں میں لیبر قوانین کی خلاف ورزی کا انکشاف
شیئر کریں
رپورٹ :علی نواز یونیک گروپ آف انڈسٹری کی فیکٹریوں میں لیبر قوانین کی خلاف ورزی کا انکشاف، برطرف مزدور سراپا احتجاج بن گئے، کمپنی انتظامیہ کی جانب سے محنت کشوں کو حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت دی جاتی ہے نہ انہیں مستقل کرکے ای او بی آئی اور سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کرائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونیک گروپ آف انڈسٹریز کی فیکٹریوں میں لیبر قوانین کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے ، ملنے والی معلومات کے مطابق کمپنی میں کام کرنے والے بیشتر مزدوروں کو روزانہ اجرت کی بنیاد یا کنٹریکٹ کی بنیاد پر ٹھیکیداری نظام کے تحت رکھا جاتا ہے جن سے مقررہ اوقات سے زیادہ ڈیوٹی لی جاتی ہے اور کوئی ورکر احتجاج کرے تو اسے نوکری سے فارغ کیا جاتا ہے، تنخواہیں کم ہونے کے باوجود مزدوروں کو بروقت ادائیگی بھی نہیں کی جاتی جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات سامنا کرنا پڑتا اور گذر بسر بھی مشکل ہوجاتا ہے، ملنے والی معلومات کے مطابق ورکرز کو مستقل نہ کرنے کی وجہ سے سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئی میں رجسٹریشن سے محروم رہتے ہیں جس کے باعث انہیں محکمہ لیبر کی جانب دی جانی والی میڈیکل کی سہولیات و دیگر مراعات بھی نہیں ملتی، روزنامہ جرأت سے بات کرتے ہوئے برطرف لائن انچارج شہزاد نے بتایا کہ وہ جائز حقوق کے حصول تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عدالت جانا پڑا تو انصاف کیلئے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکائیں گے، انہوں نے کہا کہ دو دو ماہ تنخواہ ادا نہیں کی جاتی جبکہ مانگنے پر نکال دیا جاتا ہے اور ہراساں کیا جاتا ہے، واضع رہے کہ لیبر قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے باوجود محکمہ لیبر نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔