سندھ میں بلدیاتی انتخابات کاپہلامرحلہ ، میدان سج گیا
شیئر کریں
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے میدان سج گیا،الیکشن کمیشن کے مطابق 14اضلاع میں ووٹنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، مختلف کیٹگریزکی 7164 بلدیاتی نشستوں کیلئے 32739 امیدوار آج(اتوار)قسمت آزمائی کریں گے۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے 14 اضلاع میں 26 جون کو پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے کے لیے جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ ، شکار پور، لاڑکانہ، کشمور کندھ کوٹ ، گھوٹکی خیر پور، شکارپور، نوشہرو فیروز ، شہید بے نظیر آباد(نواب شاہ)، سانگھڑ ، میرپور خاص ، عمر کوٹ اور تھر پارکرمیں پولنگ کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ٹائون کمیٹیوں ،میونسپل کمیٹیوں ، یونین کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کے وارڈ کونسلرزکی 4596 نشستوں کے لئے 23637، ڈسٹرکٹ کونسلرزکی 794 نشستوں کے لئے 4409 اور887یونین کمیٹیوں اور کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 1774 نشستوں کیلئے 4693 امیدوار وں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں پہلے مرحلے کے انتخابات سے قبل مختلف اضلاع میں 946 سے زائد امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔ آج ہونے والے انتخابات میں سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژن کے 14 اضلاع کے 21 ہزار 298 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے لیے9 ہزار 290 سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں،تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پریذائیڈنگ افسران کے علاوہ پولنگ عملہ اور پولنگ ایجنٹوں کو موبائل فون کے استعمال کرنے پر پابندی ہوگی اور پریذائیڈنگ آفیسر کی اجازت کے بغیر سیکورٹی اہلکاروں سمیت خواتین پولنگ اسٹیشن میں کسی بھی غیر مجاز مرد کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کوگرفتارکیا جائیگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میںآج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتظامیہ اور پولیس امن و امان کو یقینی بنائیں گے،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس کی موجودگی کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے ہیں،پہلے مرحلے کے حتمی نتائج کا اعلان 30 جون کو کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سکھر ڈویژن میں 1482نشستوں پر 6 ہزار سے زائد امیدوار مدمقابل ہوں گے، شہید بینظیر آباد ڈویژن، سانگھڑ،نوشہرو فیروز میں بھی پولنگ ہوگی۔شہید بینظیر آباد ڈویژن کی 1465نشستوں پر 255 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔لاڑکانہ ڈویژن کے 5 اضلاع میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ،جیکب آباد، شکارپور، کشمور، کندھ کوٹ میں بھی پولنگ ہوگی۔مجموعی طور پر 1383 نشستوں پر 4 ہزار 847 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔لاڑکانہ ڈویژن سے پیپلز پارٹی کے 437 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ میرپور خاص ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور خاص، عمرکوٹ، تھر پارکر میں بھی پولنگ ہوگی۔میرپورخاص ڈویژن میں مجموعی طور پر 160 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں، بلامقابلہ کامیاب بیشتر امیدوار پیپلز پارٹی کے ہیں۔میرپورخاص ڈویژن سے بعض آزاد امیدوار بھی بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔خیرپور، سکھر،گھوٹکی کی 1631نشستوں پر 149امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے جن میں سے بیشتر کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ جی ڈی اے،جمعیت علمائے اسلام ف،آزاد امیدوار بھی بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔