سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کیلئے طاقت کا مظاہرہ کرنے کو تیار ہیں، فاروق ستار
شیئر کریں
ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سندھ میں نئے ا نتظامی یونٹ کے لیے طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتوار کو تنظیم بحالی اور میری جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے ، آفاق احمد اور مصطفی کمال کو بھی دعوت دی ہے ، میری خواہش ہے کہ جنہیں مدعو کیا ہے، وہ ضرور تشریف لائیں، مجھے پی ایس پی اور نہ ہی نام نہاد ایم کیو ایم پاکستان والوں نے افطار پارٹی میں دعوت دی، میں اس چیز کا گلہ نہیں کررہا کہ مجھے کیوں نہیں بلایا، میں نے خالد مقبول صدیقی کو بھی افطار پارٹی میں دعوت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کام سیاست اور میرا امن کا پیغام پہنچانا ہے ، پاکستان کے بہتر مفاد میں ا نتظامی یونٹ بنانا ناگزیر ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی سندھ صوبہ نہ بنانے کا شہریوں کو ٹکا سا جواب دیا ہے ، عمران خان کا یہ جواب ایم کیو ایم پاکستان کو منظور ہو سکتا ہے لیکن ہمیں نہیں، اگر جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے تو سندھ میں انتظا می یونٹ پر بات کیوں نہیں ہو سکتی۔ ہم معاملات افہام و تفہیم سے سلجھانا چاہتے ہیں، انتظامی یونٹ سے کسی بھی سندھی بھائی کی حق تلفی نہیں ہوگی، اگر میری بات سے سندھی اور کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔