میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کورونا ضوابط پر عملدرآمد ،چاروں صوبوں میں فوج کی خدمات طلب

کورونا ضوابط پر عملدرآمد ،چاروں صوبوں میں فوج کی خدمات طلب

ویب ڈیسک
پیر, ۲۶ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزارت داخلہ نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 23 اپریل کو این سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال اور عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے فوج کی خدمات لی جائیں، وہ فوج جس نے ہمیشہ سیلاب،زلزلے اور آفات میں اپنے ملک اور قوم کی خدمت کی اورساتھ کھڑی رہی۔این سی سی کے COVID-19 وبا کے خلاف سول حکومت کی مدد کے لئے افواج پاکستان اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے اہم اعلان۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں اپنی اپنی ضرورت کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے پاک فوج سے مدد لے سکیں گی، تاہم نوٹیفکیشن میں فی الحال سندھ شامل نہیں ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر 3 ساڑھے 3 لاکھ کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں، وہاں کورونا وبا کی وجہ سے قبرستان اور شمشان گھاٹ ایک ہو چکے ہیں، ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے فوج کی تعیناتی کا فیصلہ بہت بڑا اور اہم ہے تاکہ پاکستان میں عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں دریں اثناپنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعد سندھ حکومت نے بھی کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث پاک فوج کی خدمات کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد صوبائی حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعد سندھ حکومت نے بھی پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو خط کے ذریعے درخواست دے دی ہے۔سندھ حکوت کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی خدمات درکار ہیں۔ فوجیوں کی تعیناتی اور سازو سامان سے متعلق مشاورت کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں پاک فوج کو تعینات کردیا گیا ہے جو عوام کو کورونا ایس او پیز پر عمل کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کررہی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھجوایا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں